لاکھوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب 26ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کریں گے: شیخ زاہد فیاض

نجی ٹی وی چینل اور انٹرنیٹ کے ذریعے بالواسطہ کروڑوں مسلمان کانفرنس میں شریک ہوں گے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب جبکہ پوری دنیاسے مشائخ اور سکالرز شرکت کریں گے
سربراہ عالمی میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض کی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو

سربراہ عالمی میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے سبزہ زار میں 26ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس میں لاکھوں عشاقان رسول شرکت کرکے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات کے ساتھ اپنی والہانہ محبت کا اظہار کریں گے اور یہ اجتماع عالم اسلام کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا۔ لاکھوں خواتین کے بیٹھنے کے لیے الگ سے انتظام ہوگا۔ اس طرح یہ میلاد کانفرنس عالم اسلام کا نمائندہ اجتماع ہوگا جس میں پوری اسلامی دنیا سے نمائندگی کیلئے سکالرز اور مشائخ شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی تیاریوں کیلئے 50 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے جبکہ صدر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن حسن محی الدین القادری اور حسین محی الدین القادری خصوصی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے دن قریب آرہے ہیں اور یہ رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے اس لیے ان دنوں مسلمانوں کی مکمل توجہ رحمتوں کے حصول پر مبذول ہونی چاہیے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر جواد حامد، ساجد بھٹی، جی ایم ملک، شمیم نمبر دار اور دیگر بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ضیافت میلاد اور محافل کا سلسلہ پورا مہینہ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کی متاع ہے اور تحریک منہاج القرآن عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عام کرنے کیلئے گزشتہ 30 سالوں سے محنت کررہی ہے۔ مینار پاکستان کا گراؤنڈ ہر سال لاکھوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دامن میں سمیٹ کر گواہ ہوتا ہے کہ یہاں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منا کر امت مسلمہ کے لاکھوں مسلمان اپنے ایمان کو تقویت دیتے ہیں اور پورا سال ان کا دل محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کیلئے دھڑکتا رہتا ہے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال کے پیش نظر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے 5000 نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ ہمیں قوی امید ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے بھی ہمیشہ کی طرح سیکیورٹی کے حوالے سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں وطن عزیز کے نامور نعت خواں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے جبکہ جید علماء و مشائخ عظام، مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین عالمی میلاد کانفرنس کے سٹیج پر موجود ہوں گے۔ کانفرنس میں پاکستان بھر سے سینکڑوں بسوں کے قافلے شام ہوتے ہی مینار پاکستان پہنچنا شروع ہوجائیں گے، پنڈال کے اندر اور ملحقہ سڑکوں پر دیو قامت جدید ڈیجیٹل سکرینوں کے ذریعے سٹیج کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ نجی ٹی وی عالمی میلاد کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست پوری دنیا میں نشر کرے گا۔ منہاج القرآن کی ویب سائٹس پر کانفرنس کی کارروائی کو براہ راست دکھایا جائے گا۔ اس طرح بالواسطہ طور پر کانفرنس میں کروڑوں عشاقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شامل ہوکر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود بارگاہ رسالت مآب میں پیش کیا جائے گا اور ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ساؤنڈ سسٹم مینار پاکستان کے ساتھ ملحقہ سڑکوں تک پہنچا دیا جائے گا تاکہ پنڈال کے باہر ہزاروں افراد تک آواز باآسانی پہنچتی رہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top