شیخ الاسلام کی 59ویں سالگرہ کے موقع پر قرآن خوانی و دعا صحت و سلامتی

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 59ویں سالگرہ کے موقع پر ہفتہ تقریبات کا آغاز نظامت تربیت کے زیراہتمام قرآن خوانی اور خصوصی دعا برائے صحت و سلامتی کے ساتھ کیا گیا۔ پروگرام میں صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی، بریگڈیئر (ر) اقبال احمد خان، ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، شیخ زاہد فیاض، رانا محمد ادریس قادری، رانا فاروق محمود، رانا فیاض احمد خان، سمیرا رفاقت، دیگر مرکزی قائدین اور سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ پروگرام کو دوحصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ پہلے حصے میں قرآن خوانی کی گئی جس میں تمام مرکزی سٹاف اور مہمانان گرامی نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کے دوسرے حصے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت نائب امام مرکزی جامع مسجد منہاج القرآن قاری طارق محمود قادری نے حاصل کی۔ آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کیلئے قاری سید خالد حمید کاظمی (طالب علم منہاج یونیورسٹی) کو دعوت دی۔ انہوں نے محفل کو روحانی رنگ دیا اور خوب صورت آواز میں آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں محبتوں کے پھول نچھاور کئے۔ اسی سلسلہ کو جاری رکھنے کیلئے حیدر علی چشتی کو نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کرنے کیلئے سٹیج پر بلایا گیا۔ انہوں نے شیخ الاسلام کی لکھی ہوئی نعت حاضرین محفل کے سامنے پیش کی۔

شیخ الاسلام کی59ویں سالگرہ پر ہفتہ تقریبات کے آغاز اور شیڈول کا باقاعدہ اعلان کرنے کیلئے نائب ناظم اعلیٰ دعوت و تربیت رانا محمد ادریس قادری کو مدعو کیا گیا۔ انہوں نے ہفتہ تقریبات کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کیا اور مہمانان گرامی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ ناظم تربیت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 59ویں سالگرہ کے موقع پر ہم نظامت تربیت کی طرف سے تمام شرکائے محفل اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہتے ہیں، خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ ہمارے قائد کا سایہ اللہ رب العزت تادیر ہمارے سروں پر قائم و دائم رکھے۔

بعد ازاں نائب ناظم تربیت عبدالرازق چودھری جو کہ پروگرام میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دے رہے تھے، نے پروگرام کی رونق کو مزید بڑھانے کیلئے قاری عنصر قادری (طالب علم منہاج یونیورسٹی) کو دعوت دی۔ انہوں نے امیر پنجاب احمد نواز انجم کا لکھا ہوا کلام جو شیخ الاسلام کیلئے اللہ رب العزت کی بارگاہ میں خصوصی دعاؤں پر مشتمل تھا، پیش کیا۔ حاضرین نے یک زبان ہو کر ’’اے بہار چمن، اے سفیر امن، تو سلامت رہے، تا قیامت رہے‘‘ کے کلمات ادا کرتے ہوئے اپنے قائد کے ساتھ دلی محبت اور جوش و جذبے کا اظہار کیا۔

آخر پر خصوصی گفتگو کیلئے صدر فیڈرل کونسل تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کو دعوت دی گئی۔ انہوں نے مہمانان گرامی اور مرکزی سٹاف ممبران کو شیخ الاسلام کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہماری خوش بختی ہے کہ آج ہم اس ہستی کے یوم ولادت کے موقع پر اس پر مسرت اور دعائیہ پروگرام میں ان کی درازی عمر اور صحت وسلامتی کیلئے شریک ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ ہم ان کے یوم ولادت کو یوم تجدید عہد وفا کے طور پر منائیں اور اپنی توانائیوں کو انکے ساتھ کئے گئے عہد کی روشنی میں صرف کریں۔ پروگرام کا اختتام صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔

غلام مرتضیٰ علوی سینئر نائب ناظم تربیت، سید وقار حسین گیلانی نائب ناظم تربیت اور سید شاہد حسین کاظمی نے پروگرام کی کوآرڈینیشن کے فرائض سرانجام دیئے۔

رپورٹ: سید شاہد حسین کاظمی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top