منہاج القرآن انٹرنیشنل (دیزیو) اٹلی کے زیراہتمام تیسرا سالانہ مسلم کرسچین ڈائیلاگ

منہاج القرآن انٹرنیشنل دیزیو اٹلی کے زیراہتمام تیسرا سالانہ ’’مسلم کرسچین‘‘ ڈائیلاگ 15 فروری 2010ء کو ہوا۔ دیزیو کے مشنری ساوریانی ہال میں کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات نے اس فورم میں شرکت کی۔ اس مسلم کرسچین مذہبی ڈائیلاگ میں ادارے کے امام وقار احمد قادری، نائب ناظم محمد شبیر، نائب ناظم مالیات محمد نصیر، ناظم نشرواشاعت محمد یعقوب اور دوسرے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

فورم میں 50 سے زائد پاکستانی طلبہ و طالبات شامل تھے۔ اس کے علاوہ اٹالین نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی یہاں موجود تھی۔ اس پروگرام کا مقصد پاکستانی اور اطالوی معاشرے میں مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی اور برداشت کے ماحول کو فروغ دینا تھا۔ اس پروگرام کو مرکزی ناظم نارتھ اٹلی حاجی محمد اشرف اور مرکزی صدر میاں سرفراز احمد نے منعقد کیا تھا۔

فورم میں پاکستانی نوجوان طلبہ نے اطالوی سٹوڈنٹس سے تعارفی نشست میں حصہ لیا۔ اس دوران پاکستانی طلبہ نے اپنے اپنے کلچر کے بارے میں آگاہ کیا۔ پروگرام کے دوران اٹالین نوجوانوں کی طرف سے ایک ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی جس میں یہ واضح کیا گیا تھا کہ ایک مسلمان کو یورپ میں رہتے ہوئے اپنے مذہب اور کلچر کو برقرار رکھنے کے لئے کون سی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

ڈاکومنٹری فلم دیکھنے کے بعد مسلم اور اٹالین نوجوانوں کو مذہبی اور معاشرتی معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا، جس میں انہوں نے ایک دوسرے کے مذہب اور مختلف سیاسی و ثقافتی نظریات پر تبادلہ خیال کیا۔ یہ پروگرام کرسچین کمیونٹی کی طرف سے DON CLOUDIO کی شبانہ روز محنت سے ہوا۔ پروگرام کے بعد تمام شرکاء اور مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔

رپورٹ : محمد یعقوب (اٹلی)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top