مینار پاکستان پر عالم اسلام کی سب سے بڑی 26 ویں عظیم الشان سالانہ عالمی میلاد کا نفرنس کی تیاریاں شروع ہو گئیں

تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفی (ص) کوعالمی جشن کے طور پر منائے گی
مینار پاکستان میں دس لاکھ سے زائدمرد و خواتین شرکت کریں گے
ربیع الاول کے مقدس مہینے میں بسنت کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی او لاہور سجاد بھٹہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں
ڈی سی او لاہور کا میلاد النبی (ص) کے پروگرامز کو سیکورٹی مہیا کرنے کا اعلان بھی قابل تحسین و ستائش ہے
سربراہ عالمی میلاد کانفرنس شیخ زاہد فیاض و دیگر مرکزی قائدین کی مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس بریفنگ

تحریک منہاج القرآن میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوعالمی جشن کے طور پر منائے گی۔ آقائے دو جہاں کے میلاد کی خوشی منانا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ دنیا میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت سے بڑی کوئی خوشی نہیں۔ تحریک منہاج القرآن اس فریضہ کی ادائیگی میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔ اس سال جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری سج دھج سے منایا جائے گا۔ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان پر عالم اسلام کی سب سے بڑی 26 ویں عظیم الشان سالانہ عالمی میلاد کا نفرنس کی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے علماء کرام، مشائخ عظام، قراء و نعت خوان حضرات اور عالم اسلام کی مقتدر مذہبی شخصیات خصوصی شرکت کریں گی۔ عالمی میلاد کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ اس بات کا اعلان سربراہ عالمی میلاد کانفرس تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں بسنت کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی او لاہور سجاد بھٹہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ڈی سی اور لاہور کا میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر منعقد ہونے والے پروگرامز کو مکمل سیکورٹی اور تحفظ مہیا کرنے کا اعلان بھی قابل تحسین و ستائش ہے۔ ہم ان کے ان اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی او لاہور سجاد بھٹہ کا میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرامز اور جلوسوں پر بذریعہ ہیلی کاپٹرز پھولوں کی پتیاں نچھاور کرنے اور دیگراقدامات جن سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کے مبارک مہینے کو والہانہ انداز سے منایا جاسکے بھی خوش آئین اور قابل تقلید ہیں۔ سربراہ عالمی میلاد کانفرنس نے کہا کہ مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں اور اس سلسلے میں پچاس انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سیکورٹی کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے پانچ ہزار نوجوانوں پر مشتمل سکواڈ خدمات سر انجام دے گا۔ عالمی میلادکانفرنس کو دنیا بھر میں مختلف ٹی وی چینلز براہِ راست دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں صرف لاہور سے دو لاکھ سے زائد افراد شر کت کریں گے۔ جبکہ پاکستان اور دنیا بھر سے شرکاء کی کل تعداد دس لاکھ سے زائدہو گی۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ملک کے دیگر شہروں سے لاہور میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ میلاد کی رات ہر سال کی طر ح امسال بھی مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ایک ہزار سے زائد بکرے ذبح کیے جائیں گے اور 7 بجے سے 9 بجے تک ہر خاص و عام کے لئے کھانے کا وافر اہتمام ہوگا۔ عالمی میلاد کانفرنس کو انٹرنیٹ کے ذریعے 100 سے زائد ممالک میں دیکھایا جائے گا۔ پریس بریفنگ کے دوران جواد حامد، عاقل ملک، میاں زاہد اسلام بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top