آقا کونین (ص) کا میلاد دکائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے : شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنا چکی ہے
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی میلاد کانفرنس کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آقا کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد دکائنات کی سب سے بڑی نعمت ہے اور اس کی جتنی بھی خوشی منائی جائے کم ہے۔ ماہ ربیع الاول اس عظیم نعمت کا شکر بجا لانے کا مہینہ ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منانا ایمان کا تقاضا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے عشق کا اظہار کرنے کا بہترین موسم آگیا ہے۔ تحریک کے کارکن آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خوشی دیوانہ وار منائیں۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کے حوالے سے تشکیل دی گئی پچاس سے زائدانتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے کینیڈا سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمٰن خان، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سربراہ عالمی میلاد کانفرنس 2010ء شیخ زاہد فیاض اور مختلف نظامتوں کے ناظمیں بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے اس موقع پر شیخ الاسلام طاہرالقادری کو مینار پاکستان پر منعقد ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس برس بھی دنیا بھر سے مشائخ عظام اور علمائے کرام کثیر تعداد میں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ سربراہ عالمی میلاد کانفرنس 2010ء شیخ زاہد فیاض نے اس حوالے سے تفصیلات سے شیخ الاسلام کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آقا کے میلاد پردنیائے اسلام کے سب سے بڑے اجتماع کو کامیاب ترین بنانے کے لئے کارکن دن کا چین، رات کی نیندحرام کر لیں اور لاکھوں افراد کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں آقائے کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق کا پیغام عام کرنے میں مصروف ہے۔ مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس پوری دنیا میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کے حوالے سے اپنی منفرد پہچان بنا چکی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکن اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ آقاء کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا سب سے بڑا پروگرام لاہور میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہی کرم ہے کہ دنیا کے سو سے زائد ممالک میں تحریک کے قائم کردہ اسلامک سنٹرز عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام عام کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top