برلن (جرمنی) میں پاک محمد مسجد اور ادارہ منہاج القرآن کی مشترکہ تقریب عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم 28 فروری 2010 بروز اتوار کو ہو گی۔

سفیر منہاج القرآن حافظ نذیر احمد قادری اور خطیب پاک محمد مسجد صاحبزادہ عابد حسین خطاب فرمائیں گے۔

برلن بیورو اور MCB یورپ کے مطابق پوری دنیا میں پیغمبر اسلام، تاجدار رسالت، باعث تخلیق کائنات، محبوب خدا، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کے مہینے میں محافل و تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ یورپ کے تمام بڑے شہروں میں مقیم مسلمانوں کی جانب سے ماہ ربیع الاول میں صوم صلوٰۃ، عبادات اور میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا بڑے جوش و خروش سے اہتمام کیا جاتا ہے، خصوصاً منہاج القرآن کی مصطفوی تحریک اس کا بطور خاص خیال رکھتی ہے، یورپ میں قائم منہاج القرآن انٹرنیشنل کی اکثر تنظیمات اس موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کرچکی ہیں، جرمنی کے مشہور صنعتی شہر فرینکفرٹ اور دارالحکومت برلن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی تنظیمات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے یوم ولادت پر پروگرام منعقد کر رہی ہیں، اس سلسلہ میں پاک محمد مسجد برلن کے صدر الحاج امتیاز قادر وائیں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے صدر حاجی فیض احمد اور جنرل سیکرٹری محمد ارشاد سے گفت و شنید اور ملاقات کے بعد دونوں تنظیمات کے گذشتہ فیصلہ کے مطابق اس سال عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پروگرام پاک محمد مسجد میں منعقد کرنے کا اعلان کیا جس میں برلن کی مسلم و پاکستانی تنظیمات کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ صدر پاک محمد مسجد الحاج امتیاز قادر وائیں کی دعوت پر منہاج القرآن میڈیا کوآرڈینیشن بیورو MCB یورپ کے سرپرست اور ایشین پیپلز نیوز ایجنسی APNA انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹو محمد شکیل چغتائی محفل میلاد میں شرکت کریں گے۔

یہ محفل میلاد 28 فروری 2010 بروز اتوار سہ پہر3 بجے منعقد ہوگی، جس میں درود و سلام اور ہدیہ نعت کے بعد خطیب و امام پاک مسجد علامہ صاحبزادہ عابد حسین عابد حاضرین سے خطاب کریں گے، اس کے علاوہ سفیر منہاج القرآن حافظ نذیر احمد خان قادری محفل میں شرکت کی غرض سے بطور خاص ہالینڈ سے تشریف لائیں گے اور محفل میں مرکزی خطاب فرمائیں گے، بعد ازاں لنگر محمدی (ضیافت میلاد) کا بندوبست ہو گا۔ پاک محمد مسجد برلن اور منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کی انتظامیہ نے عوام الناس سے شرکت کی درخواست کی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top