کچھ کالی بھیڑیں اسلام کو بدنام کر رہی ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کا فتویٰ ان کے چہرے سے نقاب اتارنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا : سید صمصام بخاری

مورخہ: 18 مارچ 2010ء

ڈاکٹر طاہرالقادری نے فتنہ خوارج کی نشاندہی کر کے ملک و قوم اور پوری امت مسلمہ پر احسان کیا ہے : قاضی محمد انور
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اسلام پر اٹھنے والے تمام اعترضات کو مضبوط دلائل سے ثابت کیا ہے
کہ اسلام کا تعلق کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نہیں : ڈاکٹر راغب سرفراز نعیمی
ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف قلم اٹھا کر نوجوانوں کی فکر کو انتشار سے
بچانے کی جدوجہد کی ہے : میاں ایوب
ڈاکٹر طاہرالقادری نے فتویٰ تحریر کر کے امت مسلمہ کی فکری رہنمائی کی ہے، یہ صرف زبانی نہیں
بلکہ تاریخی اثاثہ ہے : ڈاکٹر علامہ رمضان سیالوی
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام اسلام آباد (ہالیڈے ان) ہوٹل میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
کی فتویٰ کتاب کی تقریب رونمائی میں مقررین کے خطابات

تحریک منہاج القرآن اور منہاج القرآن علماء کونسل کے زیر اہتمام گزشتہ روز اسلام آباد (ہالیڈے ان) ہوٹل میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی حالیہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف دیے گئے فتویٰ جو 600 صفحات پر مشتمل مبسوط کتاب ہے کی تقریب رونمائی ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات صمصام بخاری نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، محب اہل بیت و صحابہ رضی اللہ عنہم اور اولیاء کا ادب کرنے والے انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کو بدنام کرنے کے لیے کچھ کالی بھیڑیں سرگرم عمل ہیں، ملک پاکستان فرقہ واریت اور دہشت گردی سے تباہ ہو رہا ہے اور کالی بھیڑیں اسلام کے بارے میں پاکستان اور اسلام کو بدنام کررہی ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا فتویٰ ان کے چہرے سے نقاب اتارنے کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اور پاکستانی مجھے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پر فخر ہے کہ انہوں نے اسلام کی اصل روح کو پیش کیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قاضی محمد انور (صدر سپریم کورٹ بار) نے کہا کہ دہشت گردوں نے جنت نما ملک کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے، کسی کی عزت، مال اور جان محفوظ نہیں ہے، خوف و ہراس کی وجہ سے معیشت تباہ ہو رہی ہے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا فتویٰ ان کے خلاف بہت بڑا جہاد ہے۔ انہوں نے فتنہ خوارج کی نشاندہی کر کے ملک و قوم اور پوری امت مسلمہ پر احسان کیا ہے۔ تقریب سے ڈاکٹر راغب سرفراز نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ اپنے افکار و عقائد زبردستی کسی پر مسلط کئے جائیں اور اگر کوئی قبول نہ کرے تو اسے قتل کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کافتویٰ اسلام کے پرامن پیغام کو اجاگر کرتا ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردوں کے خلاف فتویٰ کتابی شکل میں لکھ کر اسلام پر اٹھنے والے تمام اعترضات کو مضبوط دلائل سے ثابت کیا ہے کہ اسلام کا تعلق کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نہیں ہے۔ تقریب سے میاں ایوب (مشیر یوتھ افیئروزیر اعظم پاکستان ) نے کہا کہ دہشت گردی سے مسلمان بدنام ہو رہے ہیں، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خوبصورت جواب لکھ کر بہت بڑی خدمت کی ہے۔ امت مسلمہ کے نوجوان دہشت گردی کی حالیہ لہر سے بہت متاثر ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف قلم اٹھا کر نوجوانوں کی فکر کو انتشار سے بچانے کی جدوجہد کی ہے اور یہ بہت بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ ڈاکٹر علامہ رمضان سیالوی (خطیب داتا دربار مسجد لاہور) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فتویٰ تحریر کر کے امت مسلمہ کی فکری رہنمائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف زبانی نہیں بلکہ تاریخی اثاثہ ہے ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے اور عملی طور پر اسے اپنانے کی سعی کرنی چاہیے۔ پیر اظہار حسین بخاری، ثاقب اکبر (چیئرمین البصیرہ)، غضنفر اقبال مہدی، علامہ شہزاد مجددی، اور سید فرحت حسین شاہ نے اپنے خطابات میں کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پوری انسانیت کی نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس کاوش پر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو ورلڈ پیس ایوارڈ دیا جانا چاہیے۔ تقریب سے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، خواجہ غلام قطب الدین فریدی، علامہ محمد نجفی، پیر عبدالھادی آف مانکی شریف، معروف صحافی حسن خان، علامہ شفاع نجفی، اور محبوب احمد چشتی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر پر علامہ شہزاد مجددی نے دہشت گردی کے خلاف قرارداد مذمت پیش کی جس کی شرکاء تقریب نے ہاتھ اٹھا کر تائید کی اور بھر پور مذمت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top