دعوہ اکیڈمی اسلام آباد کے زیراہتمام 'رحمۃ للعالمین کانفرنس' سے صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کا خصوصی خطاب

دعوہ اکیڈمی، اسلام آباد کی 25 سالہ تقریبات کے حوالے سے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں سہ روزہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 21 فروری 2010ء کو "رحمۃ للعالمین کانفرنس" منعقد کی گئی، جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر تبلیغی جماعت کے مرکزی رہنماء مولانا طارق جمیل، معروف مذہبی سکالر علامہ کوکب نورانی، پاکستان سیرت کونسل کے سربراہ علامہ زاہد الراشدی، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم چودھری اور علامہ ساجد میر موجود تھے۔ کانفرنس میں ملک بھر سے جید علماء و مشائخ، اساتذہ کرام اور پروفیسرز نے شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکاء میں انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلبہ کے علاوہ ملک بھر سے ہزاروں افراد شامل تھے۔

کانفرنس کی باقاعدہ کارروائی کا آغاز صبح 11 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت مبارکہ بھی پڑھی گئی۔ کانفرنس میں ملک بھر سے معزز مہانوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے کانفرنس کے شرکاء سے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے "شان رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم" کو موضوع سخن بنایا۔ انہوں نے کہا کہ "رحمۃ للعالمین" اگرچہ اللہ تعالیٰ کی صفت ہے لیکن مخلوق میں یہ لفظ صرف ذات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے تخلیق کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آقا علیہ السلام کی ذات دنیا میں بھی رحمت اور آخرت میں بھی سراپا رحمت ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم رحمۃ للعالمین بن کر مبعوث ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام مخلوقات کے لیے باعث امن و رحمت ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اس پیغام امن پر ہی اسلام کی بنیاد رکھی گئی، جو پیغمبر رحمت سے دنیا بھر میں پھیلا اور آج بھی اس کا درس دوسروں سے نیک جذبے سے پیش آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کے صدقے اس کائنات کا حسن قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں میں یہ پیغام عام کرنا ہوگا اور اپنے نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے رشتے کو پھر سے بحال کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آقا علیہ السلام کی ذات کے ساتھ عشق کریں جو دنیا و آخرت میں ان کے لیے باعث نجات بنے گا۔

کانفرنس میں مولانا طارق جمیل، علامہ کوکب نورانی، علامہ زاہد الراشدی، علامہ ساجد میر، ڈاکٹر اکرم چودھری اور ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بھی اظہار خیال کیا۔ کانفرنس کے اختتام پر دعوۃ اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر صاحبزادہ ساجد الرحمن نے اظہار تشکر ادا کیا۔ کانفرنس کا باقاعدہ اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top