در مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وابستگی تمام مسائل کا حل ہے: ڈاکٹر محمد طاہر القادری

آفتاب بیگ (لندن) ۔۔۔ 28 فروری امت مسلمہ اپنی صورت و سیرت کو اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نمونہ میں ڈھال لے، تکلیف و آفات امت کا پیچھا چھوڑ دیں گی، سیاسی بازی گری نے عوام کی زندگیوں کو اجیرن کر دیا ہے، اگر ہم نے اپنے طور طریقے کو نہ بدلہ تو تباہی و بربادی سے بچنا مشکل ہو جائے گا۔ آج پاکستان آفات میں گرا ہوا ہے ہر طرف بے سکونی، بے چینی اور بدامنی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ پاکستانی عوام اور حکمران اپنی طبیعتوں کو بدلیں اور سجدہ ریزی اور آہ و زاری سے اپنے مالک اور خالق کو منانے کی جدوجہد کریں ان خیالات کا اظہار شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گذشتہ روز منہاج القرآن کے زیر اہتمام 26ویں سالانہ علامی میلاد کانفرنس مینار پاکستان میں عوام کے جم غفیر سے ادارہ منہاج القرآن لندن سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے کیا، یہ براہ راست خطاب نجی ٹی وی چینلز اور انٹرنیٹ کے ذریعے دنیا بھر میں دیکھا گیا جس میں پاکستان اور عالم عرب سمیت دنیا بھر کے علماء و سکالرز اور قراء حضرات نے بارگاہ سرور کونین میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔
ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لفظ ’’محمد‘‘ کے باطنی معانی کے موضوع پر جدید سائنسی علوم کی تحقیق کی روشنی میں تقریباً دو گھنٹے خطاب کیا، انہوں نے انسانی جسم کی ظاہری و باطنی ساخت کی مثال کو جدید طبی تفصیلات کے ذریعے بعض عضو کا تفصیلی ذکر کیا اور ان کے باطنی مندرجات پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔ بعدازاں اس تمہید کو آگے بڑھاتے ہوئے لفظ محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حروف کو انفرادی طور پر عربی و اردو گرائمر کے پیرائے میں معانی کے رنگ میں ڈھالا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بتایا کہ جیسے پانی کے لفظ کو کاغذ پر لکھنے سے کاغذ گیلا نہیں ہوتا لیکن پانی گرانے سے کاغذ گیلا ہو جاتا ہے اور انسانی خون بظاہر سرخ رنگ کا ایک مادہ ہے لیکن جب لیبارٹری میں ٹیسٹ کے لئے جاتا ہے تو اس میں کئی مرکبات کا آمیزہ ہوتا ہے اور اس مادے میں موجود تفصیلات کو ننگی آنکھ سے نہیں دیکھا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کہ جب خون کے باطن میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے تو وہ بگاڑ دراصل بیماری کا باعث بنتا ہے نہ کہ خون کی ظاہری حالت، ہمیشہ ظاہر کو موت ہوتی ہے اور باطن زندگی کی علامت ہوتی ہے، اس کی مثال انہوں نے DNA ٹیسٹ کی مثال سے دی جو کہ لاکھوں سالوں کے بعد بھی ساخت اور خدوخال کا پتہ دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کائنات کی تمام صورتوں کی صورتوں کی صورت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے اور کائنات میں چھپی ہر شے کی اصل روح محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے، وجود محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کے دوران ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ کوئی ظاہر و باطن کے معارف سے خالی نہیں ہے، ہر وجود کی دو حالتیں ہیں لطیف اور کثیف، انہوں نے کثیف کو جسم اور لطیف کو روح سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ فیض کا چشمہ جسم نہیں بلکہ روح ہے اور روح کے اثر سے جسم بھی فیض یاب ہوتاہے، فیض کا منبع و چشمہ وجود لطیف روح ہوتا ہے، میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وجود بشری کی آمد کی رات ہے، وجود لطیف کی نہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے لفظ محمد کے حروف، ترتیب اور اعراب کی توجیہہ تفصیلی اور علمی انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ نام محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں زیر نہیں ہے اور اللہ تعالیٰ شان و مقام محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو زیر کیسے رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلمان آج غربت، بیروزگاری، اقربا پروری، رشوت ستانی، عدم مساوات اور قتل و غارت گری کا شکار ہیں، ان تمام مسائل و تکالیف کا حل در مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وابستگی میں ہے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا پٹہ گلوں میں ڈال کر اور ان کے توسل سے اللہ تعالیٰ سے اجتماعی توبہ کریں اور آقاء نامدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سیرت اقدس اور سنت اقدس کو اپنی زندگیوں کو مقصد و محور بنالیں۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آخر میں درود و سلام کے بعد امت مسلمہ کی خوشحالی اور استحکام پاکستان کے لئے رقت آمیز دعا کرائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top