منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیراہتمام سالانہ محفل میلاد مصطفیٰ کانفرنس

مورخہ 28 فروری بروز اتوارمنہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے زیر اہتمام (Rovereto TN) میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے شاندار محفل منعقد ہوئی، محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے حافظ مظہر نے کیا جبکہ وقاص حیدر مرزا، ساجد بھٹی، اظہر منیر اور کارپی سے مختار احمد قادری اور خالد حسین نے سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ مرکزی ناظم منہاج القرآن اٹلی ظہیر انجم نے تحریک منہاج القرآن کے اغراض و مقاصد پر مختصراً روشنی ڈالی۔

محترم ندیم نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پاک پر گفتگو کرتے ہوئے قرآن و حدیث کی روشنی میں فرمایا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرنا چاہئے کہ ہمیں اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت منانے کی توفیق دی، ہمیں ان کی سیرت کو اپنانا چاہئیے یہی ولادت پاک منانے کا اصل مقصد ہے۔ حافظ مظہر نے ختم پاک پڑھا پھر درود وسلام کے بعد اظہر منیر نے خصوصی دعا کرائی۔ محفل میں گردونواح سے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور بلزانو سے محمد نعیم، رئیس زاہد، کارپی سے شکیل احمد، مختار احمد قادری اور خالد حسین نے شرکت کی۔ اختتام پر تمام حاضرین کو لنگر محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا گیا۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض فدا حسین رانجھا نے سرانجام دئیے۔

مورخہ 20 فروری بروز ہفتہ منہاج القرآن انٹرنیشنل آریزو اٹلی کے زیراہتمام جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالہ سے شاندار پروگرام آئروسکو ہوٹل کے ہال میں منعقد ہوا جس میں خصوصی طور پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کی ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے شرکت کی۔ مرکزی ایگزیکٹومنہاج القرآن اٹلی کے ناظم ظہیر انجم، ناظم دعوت و تربیت مختیار احمد قادری اور ناظم نشرواشاعت شکیل احمد نے بھی شرکت کی، ان کے علاوہ پاک فیڈریشن اٹلی کے صدر ساجد محمود طاہر بھی شریک ہوئے۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ توصیف بشیر، ظفر اقبال، عبدالجبار، کامران مجید، محمد عمران، منشاد احمد گوندل اور ہارون منشاد آریزو سے اور پراتو سے شعیب قادری، محمد زین، مچراتا سے اقبال وڑائچ نے بارگاہ سرور کونین کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محترم ممتاز احمد قادری آف آریزو نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منانے کے حوالہ سے مختصر خطاب کیا۔ محترم علامہ حافظ محمد اقبال اعظم نے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کا جشن منانا ایمان کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی منانی چاہئیے اور ان کی سیرت کو اپنانا چاہیئے، یہی ربیع الاول کا صحیح مقصد ہے۔ اختتام پر کیک کاٹا گیا اور لنگر محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تقسیم کیا گیا۔ محفل میں آغوش پراجیکٹ کے حوالہ سے ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔

رپورٹ: شکیل احمد (اٹلی)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top