اولیاء اللہ مردہ دلوں کو زندہ کرکے اللہ کی یاد کی طرف راغب کرتے ہیں: سید فرحت حسین شاہ

مادیت کے موجودہ ماحول میں صوفیاء کی صحبت اختیار کرنا ناگزیر ہے
اولیاء اللہ معاشرے میں علم و عمل کا نور اور روشنی ہوتے ہیں
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام عظمت اولیاء کانفرنس سے مقررین کا خطاب
سید فرحت حسین شاہ، پیر عصمت اللہ نوشاہی، ایم این اے روحیل اصغر، ڈاکٹر شاہد محمود و دیگر کی شرکت

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ اللہ کے ولی ساری زندگی اللہ کے ذکر اور لاکھوں دلوں کو زندہ کرنے کیلئے وقف رکھتے ہیں۔ اولیاء مردہ دلوں کو زندہ کرکے اللہ کی یاد کی طرف راغب کرتے ہیں۔ اللہ بھی ان نیک بندوں کا ذکر قیامت تک جاری رکھتا ہے اور لوگوں کے دلوں میں اولیا ء کرام کی محبت ڈال دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام واہگہ ٹاؤن جامعہ بلال میں منعقدہ عظمت اولیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کی صحبت سے فیض پانے والے معاشرے میں امن و سلامتی اور محبت کے سفیر بن کر زندگی کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے بگاڑ کو درست کرتے ہیں۔ اس طرح روحانی اور اخلاقی اقدار کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مادیت کے موجودہ ماحول میں صوفیاء کی صحبت اختیار کرنا ناگزیر ہے۔ اللہ والوں کی صحبت میں بیٹھنے سے باطنی ترقی ہوتی ہے اور انسان نفسانی خواہشات کے چنگل سے آزادی حاصل کرنے کا سفر شروع کردیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیک صحبت کا مل جانا بہت بڑی نعمت ہے مگر ضروری ہے کہ اس صحبت میں تسلسل رہے۔ کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے الحاج شیخ روحیل اصغر اور ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ عظمت اولیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ اولیاء اللہ خدا کی عبادت اور مخلوق خدا کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ معاشرے میں علم و عمل کا نور اور روشنی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے عصر حاضر کے فتنوں کے خاتمے کے لیے جس طرح علمی اور تحقیقی فتویٰ جاری کیا ہے۔ ساری دنیا کے علماء کرام و مفتیان کرام نے اس کی بھرپور تائید کی ہے۔ جس انداز سے انہوں نے خودکش حملوں، مساجد و مدارس کی بے حرمتی اور خون سے رنگین کرنے، نہتے اور بے گناہ افراد کو مارنے، پاک فوج اور پولیس کے جوانوں کو شہید کرنے اور ملک و قوم کو دہشت زدہ کرنے والوں کے خلاف جرات مندانہ اسلوب اپنایا ہے۔ پوری پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے۔ کانفرنس سے سیفی سلسلہ کے راہنما پیر صوفی محمد نسیم سیفی نے بھی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض جامعہ بلال کے پرنسپل قاری مفتی خلیل احمد نے ادا کیے۔ آخر میں نوشاہی سلسلہ کے روحانی پیشوا ڈاکٹر عصمت اللہ زاہد نوشاہی نے خصوصی دعا کروائی اور عظمت اولیاء پر اظہار خیال کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top