میلاد النبی (ص) کے خوشی میں کائنات کی ہر چیز نے خوشی منائی : علامہ عبدالستار سراج

منہاج القرآن انٹرنیشنل ویلبی ڈنمارک کے زیراہتمام عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان محفل میلاد کا انعقاد مورخہ 21 فروری 2010ء کو کیا گیا، جس میں خواتین و بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض یوتھ لیگ کی صدر محترمہ شہلا بتول نے سرانجام دیئے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری و حافظ ظہیر احمد قادری نے حاصل کی اور چھوٹی بچیوں کے ایک گروپ نے اپنی دلکش آواز میں ڈینش زبان میں حمد باری تعالیٰ پیش کی۔  جس کے بعد محترمہ رخسانہ افضل، محترمہ کوکب اپل، محترمہ حاجرہ شاہ، محترمہ شمع منور، محترمہ زاہدہ، محترمہ روبینہ، محترمہ ثمیلہ اور انفارمیشن سیکرٹری منہاج القرآن ویمن لیگ شبانہ احمد نے بارگاہ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

ڈینش زبان میں محترمہ فرحت شاہین نے ’’میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دنیا میں آمد‘‘ سمیعہ اکرام نے ’’درود و سلام‘‘ اور کومل حسین نے ’’معجزات مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم‘‘ کے موضوعات پر اظہار خیال کیا۔ منہاج یوتھ لیگ ویمن لیگ کی بہنوں نے دف کے ساتھ نہایت خوبصورت نعتیہ کلام پیش کر کے پروگرام کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیئے۔ محترمہ ناہید سراج نے عشق مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر بہت خوبصورت انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پروگرام میں خصوصی خطاب کے لئے امیر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک علامہ محمد عبدالستار سراج کو دعوت دی گئی۔ انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اپنی امت پر لطف وکرم کے پہلو پر نہایت ہی خوبصورت پیرائے میں روشنی ڈالی، اپنے ایمان افروز خطاب میں انہوں نے کہا کہ قیامت کے خوفناک و غضبناک دن جب دنیا کے تمام سہارے چھوڑ جائیں گے اور کوئی کسی کا ساتھ نہ دے سکے گا اس وقت صرف ایک سہارا کام آئے گا اور وہ تاجدار کائنات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اپنی امت پر اتنے احسانات ہیں کہ ان کا بیان ناممکن ہے اور ہم ان کا بدلہ نہیں چکا سکتے لیکن ہمیں چاہئیے کہ ہم اپنے کریم آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش کی خوشیاں منائیں۔

محترمہ ناہید سراج نے پروگرام کے آخر میں بڑے پر سوز انداز میں دعا کرائی۔ پروگرام کے اختتام پر دعوت شیراز کا اہتمام کیا گیا۔

رپورٹ (شبانہ احمد، انفارمیشن سیکرٹری منہاج القرآن ویمن لیگ ڈنمارک)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top