مسلمان اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے زندگی بسر کرتا ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ اسلام سے دوری تمام خرابیوں کی جڑ ہے۔ اسلام صیح معنوں میں انسانوں کی مادی اور روحانی ضرورتوں کے تقاضے پورے کرتا ہے۔ اسلام انسانیت کی فلاح و بہبود کا دین ہے۔ دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہاء پسندی اسلام میں حرام اور ناجائز ہیں۔ جس نظام میں انسانیت کے حقوق غصب ہو رہے ہوں اسکا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ تمام انسانوں کے لئے بہترین نمونہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی رہنمائی کیلئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکمل اور کامل زندگی عطا فرمائی۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں کی رہنمائی کیلئے اللہ تعالیٰ نے انبیاء علیہم السلام کے گروہ کو دنیا کے مختلف گوشوں میں بھیجا، وہ انسانوں کی رہنمائی اور رہبری کرتے رہے، انبیاء کے بعد اب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کی ذمہ داری ہے کہ انسانوں کی فلاح کے لئے کام کریں، یہی وہ فریضہ ہے جس کو نبھانے سے اللہ تعالیٰ کی رضا نصیب ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان وہ ہے جس کے فکر و عمل سے امن و سلامتی کا ماحول پیدا ہو۔ مسلمان امن و سلامتی کا سفیر اور پیامبر ہوتا ہے۔ مسلمان اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے زندگی بسر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا وہ افراد جو انسانیت کے دکھوں کو دور کرتے ہیں اور انسانوں کیلئے آسانیاں پیدا کرتے ہیں وہ اسلام کی روح پر عمل کرتے ہیں کیونکہ انسانیت کی خدمت اور رہنمائی سب سے بڑی نیکی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top