ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص) - مارچ 2010ء

مورخہ: 11 مارچ 2010ء

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا 51 واں پروگرام 11 مارچ 2010ء کو منعقد ہوا۔ یہ پروگرام گوشہ درود کے ہال کی چھت پر ہوا، جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم،  انچارج خدمت کمیٹی گوشہ درود الحاج شیخ سلیم قادری، حاجی ریاض احمد، راجہ زاہد محمود، ڈائریکٹر انٹرفیتھ اینڈ ریلیشنز سہیل احمد رضا، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، ساجد محمود بھٹی، بلال مصطفوی، چودھری ظہیر عباس گجر اور دیگر مرکزی قائدین نے بھی روحانی اجمتاع میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز نماز عشاء کے بعد شب نو بجے ہوا۔ اس موقع پر تلاوت قرآن پاک سے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ اس میں حیدری برادران، بلالی برادران، قاری عنصر علی قادری، منہاج نعت کونسل اور دیگر نعت خواں حضرات نے ثناء خوانی کا شرف حاصل کیا۔

پروگرام میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ملک میں دہشت گردی کی لہر جاری ہے۔ دوسری جانب منہاج القرآن ایسے پاکیزہ اور روحانی اجمتاعات منعقد کر کے عوام میں سکون اور امن عام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور خود کشوں حملوں کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے اس فتویٰ کو تاریخی اہمیت حاصل ہے۔ فتویٰ کی ابتدائی لانچنگ تقریب لندن میں ہوئی تھی، جسے انٹرنیشنل میڈیا نے بہت نمایاں کوریج دی۔

دنیا بھر کے ٹی وی چینلز، اخبارات، ویب سائٹس اور جرائد میں شیخ الاسلام کے فتویٰ کو نمایاں جگہ دی گئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف فتویٰ کو بہت حوصلہ افزاء قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی اس فتویٰ کی تقریب رونمائی جلد منعقد کی جائے گی۔

ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی گفتگو کے بعد منہاج پروڈکشنز نے ایک شارٹ ڈاکومنٹری دکھائی، جس میں انہوں نے 800 سے زائد ویب لنکس کی رپورٹس اور ویب سائٹس کی ویڈیو فوٹیج میں جھلکیاں دکھائیں۔ منہاج انٹرنیٹ بیورو کی جانب سے اسے خصوصی طور پر جمع کیا گیا تھا۔ ڈاکو منٹری میں شیخ الاسلام کے دہشت گردی کے خلاف سی این این، بی بی سی، سکائی نیوز سمیت دنیا کے تمام بڑے چینلز کو دیے گئے شارٹ انٹرویوز بھی شامل تھے۔ اس موقع پر حاضرین نے انتہائی توجہ سے اس مختصر ڈاکومنٹری کو دیکھا۔

پروگرام میں علامہ احمد نواز انجم نے بتایا کہ ماہ فروری میں دنیا بھر میں گوشہ درود کے پڑھے جانے والے درود پاک کے تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے ہیں۔ فروری 2010ء میں ایک ارب 8 کروڑ، 89 لاکھ، 20 ہزار اور 282 ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوشہ درود کے اب تک پڑھنے جانے والے درود پاک کی تعداد 13 ارب 7 کروڑ 36 لاکھ 4 ہزار اور 127 ہو گئی ہے، جو ایک ریکارڈ ہے۔

اس بار پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا بیرون ملک سے خصوصی خطاب نہیں ہوا۔ جس کی وجہ سے پروگرام شب بارہ بجے اختتام پذیر ہو گیا۔ آخر میں امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، عالم اسلام کی ترقی اور دنیا بھر میں قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ آخر میں حاضرین میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top