ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی (ص) - اپریل 2010ء

تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ماہ اپریل کا روحانی اجتماع یکم اپریل 2010ء کو منعقد ہوا۔ یہ گوشہ درود کا 52 واں ماہانہ پروگرام تھا۔ پروگرام گوشہ درود کے ہال کی چھت پر ہوا، جس میں منہاج ویمن لیگ کی مرکزی قائدین اور خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ گوشہ درود کے گوشہ نشین کو پنڈال کے اگلے حصہ میں مخصوص نشستوں پر بٹھایا گیا تھا۔ پروگرام میں شرکاء کے لیے ڈیجٹیل سکرین بھی لگائی گئی تھی۔ روحانی اجتماع کی صدارت امیر تحریک مسکین فیض الرحمن درانی نے کی جبکہ منہا ج القرآن انٹرنیشنل یوکے کے مرکزی رہنماء علامہ محمد افضل سعیدی منہاجین مہمان خصوصی تھے۔ پروگرام میں روزنامہ جنگ کے سنڈے میگزین ایڈیٹر اور سینئر صحافی و تجزیہ کار صہیب مرغوب بھی موجود تھے۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ناظم امور خارجہ جی ایم ملک، امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم، علامہ محمد نواز ظفر، انچارج خدمت کمیٹی گوشہ درود حاجی محمد سلیم قادری، حاضی ریاض احمد، ناظم منہاج ویلفئیر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود، ڈائریکٹر انٹرفیتھ اینڈ ریلیشنز سہیل احمد رضا، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، ساجد محمود بھٹی اور دیگر مرکزی قائدین نے بھی روحانی اجتماع میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 9 بجے ہوا، اس موقع پر وقاص علی واصل نے پروگرام کی نقابت کے فرائض سنبھالے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ جس میں حیدری برادران، بلالی برادران، قاری عنصر علی قادری، منہاج نعت کونسل اور آخر میں بلبل منہاج محمد افضل نوشاہی نے اپنی خوبصورت آواز اور پرسوز انداز میں ثناء خوانی کی۔

محمد افضل نوشاہی نے پون گھنٹہ تک نعت خوانی کرتے ہوئے عارفانہ کلام اور شیخ الاسلام کے کلام پڑھے۔ آخر میں انہوں نے اپنے استاد محترم مرحوم الحاج محمد علی ظہوری قصوری کی مشہور پنجابی نعت کو ظہوری صاحب کی مخصوص طرز اور انداز میں پڑھ کر ان کی یاد تازہ کر دی۔ اس دوران حاضرین جھوم جھوم کر اپنے روحانی جذبات کا اظہار کرتے رہے۔

روحانی اجتماع میں علامہ افضل سعیدی نے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے دہشت گردی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ کے بعد تحریک منہاج القرآن کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے۔ یوکے سمیت یورپی اور عرب ممالک میں منہاج القرآن کے عالمی تشخص اور شیخ الاسلام کی خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام اس دور میں تجدید دین میں مصروف ہے۔ آج پاکستان میں بالخصوص اور عالم اسلام میں بالعموم ناحق لوگوں کا قتل کیا جا رہا تھا، امت کو جہاد کے نام پر ذبح کیا جا رہا تھا۔ ایسے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے فتنہ خوارج کے خلاف فتویٰ دے کر ثابت کر دیا کہ اس فتنے کو ختم کرنے کے لیے میدان میں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں شیخ الاسلام کو ایک روشن خیال اور پرامن عالمی سکالر کے طور پر جانا جا رہا ہے۔ اپنے خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے کردار کو مضبوط اور عمل کو مربوط بنا کر دنیا میں اسلام کو مؤثر انداز میں پھیلانا ہے۔

علامہ افضل سعیدی کے خطاب کے بعد علامہ احمد نواز انجم نے گوشہ درود کی ماہانہ رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ مارچ کے دوران دنیا بھر میں گوشہ درود کا پڑھا جانے والا درود پاک 53 کروڑ 97 اور 8 لاکھ ہے۔ دوسری جانب گوشہ درود کے اب تک پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد 13 ارب سے بھی بڑھ گئی ہے۔

روحانی اجتماع میں ناگزیر وجہ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو کانفرنس خطاب معمول کے مطابق نہیں ہو سکا۔ پروگرام کے اختتام سے پہلے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا گیا۔

آخر میں مرکزی امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے دعا کرائی۔ اس موقع پر دنیا بھر کے مسلم مرحومین اور تحریک منہاج القرآن کے فوت شدگان کارکنان و وابستگان کے لیے خصوصی طور پر دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ ملکی سلامتی، عالم اسلام کی ترقی اور دنیا بھر میں قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں گئیں۔ آخر میں حاضرین میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top