پاکستان میں دشمن ممالک کی سازش سے آگ اور خون کا کھیل جاری ہے : سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ

منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ سمیرا رفاقت ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دشمن ممالک کی سازش سے آگ اور خون کا کھیل جاری ہے۔ دشمن عناصر پاکستان کا وجود مٹانے کے درپے ہیں۔ ملک میں مذہبی اور سیاسی فرقہ واریت پھیلائی جا رہی ہے۔ ہمیں بحیثت قوم تمام اختلافات کو قومی مفادات پر ترجیح دینا ہو گی۔ ان باتوں کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے ویمن لیگ کے زیراہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا پاکستان کے موجودہ حالات میں خواتین بڑے کرب اور دکھ سے گزر رہی ہیں۔ مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے مسائل کی طرف حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ صرف نعرے اور وعدے ہیں۔ انہوں نے کہا عوام کے مسائل میں دن بدن اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے حل کیلئے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی ہوتی ہوئی دکھائی نہیں دیتی۔ معاشی ابتری نے عوام کو بنیادی حقوق سے محروم کردیا ہے۔ بعض طبقوں میں تو ’’مر جاؤ یا حرام کھاؤ کی پالیسی پر عمل ہو رہا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور موجودہ قیادت کا کڑا امتحان ہے کہ وہ ملک کو بحرانوں کے گرداب سے نکالے۔ اس وقت پاکستان عالمی سازشوں کا شکار ہے، قومی قیادت باہم مل کر ان بحرانوں کا حل نکالے۔ پاکستان عالم اسلام کا مرکز و محور ہے، اس کی سلامتی کی ذمہ داری ہم سب پر فرض ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top