حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں سیاسی فرقہ واریت عروج پا رہی ہے : احمد نواز انجم

ملک کے اندر لسانی اور علاقائی نعرے لگا کر سیاسی کھیل کھیلنا ملک و قوم سے دشمنی کے مترادف ہے

تحریک منہاج القرآن پنجاب کے امیر احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں سیاسی فرقہ واریت عروج پا رہی ہے۔دشمن ان کمزوریوں کی بنا پر اپنے مقاصد پورے کر رہے ہیں۔ ملک و قوم کے خلاف سازشوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ اگر اب بھی ہم نے ہوش نہ کیا تو سنبھلنا مشکل ہو سکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدترین لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے طوفان کے خلاف عوام کا ردعمل پیش نظر رہنا چاہیے۔ یہ احتجاج اور غم و غصہ کی کیفیت خطرناک صورت اختیار کر سکتی ہے۔ ذمہ دار افراد فوراً اس طرف دھیان دیں ورنہ کچھ بعید نہیں کہ عوامی سیلاب کو کنٹرول کرنا قابو سے باہر ہو جائے۔ ملک کے اندر لسانی اور علاقائی نعرے لگا کر سیاسی کھیل کھیلنا ملک و قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی یک جہتی سلامتی اور استحکام کیلئے تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈالنے کی ضرورت ہے۔ ورنہ دشمن اسی تاک میں لگا ہوا ہے کہ ان میں مذہبی اور سیاسی فرقہ واریت کی آگ کو تیز کیا جائے اس کام کیلئے کچھ مفاد پرست افراد بھی قومی مفادات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بنیادی ضرورتوں کے حصول کی چکی میں پس رہی ہے۔ جنہوں نے مسائل حل کرنے ہیں وہ چشم پوشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اگر یہی حالت رہی تو مرتا کیا نہ کرتا کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا بحرانوں کی ذمہ دار نااہل قیادت ہے ورنہ ملک میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے بے انتہا قدرتی وسائل اور ذرائع موجود ہیں۔ کثیر قدرتی وسائل کا حامل ملک غلامی کی زندگی بسر کر رہا ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عذاب ہے ہمیں اجتماعی توبہ کرنی چاہیے۔ حکمرانوں کو اپنی روش تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ہم بحثیت قوم اس گرداب سے نکلنے کی کوئی صورت پا سکیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top