منہاج القرآن ویلفیئر فاونڈيشن واہ کينٹ کے زيراہتمام شاديوں کي اجتماعي تقريب

مورخہ: 14 مارچ 2010ء

منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ کے زيراہتمام شادیوں کی اجتماعی تقریب مورخہ 14 مارچ 2010 کو منعقد ہوئي۔ شاديوں کي يہ تقريب پی او ایف ویلفیئر شادی ہال واہ کینٹ ميں منعقد کي گئي، جس ميں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعليٰ شیخ زاہد فیاض مہمان خصوصي تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے مقامی قائدین جن میں ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن واہ کینٹ حاجی لیاقت، سجاد احمد ساقی، علامہ عین الحق بغدادی، محمد رفیق عادل، علامہ مقصود ایوب، محمد یوسف بخشی، محمد بشیر، اظہر حمید، مختار احمد بلوچ اور پروفیسر عبدالرحیم بھي شامل تھے۔ واہ کینٹ ٹیکسلا کی معروف مذہبی، سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیات ميں آغا حسن عسکری، ملک مصری خان، فرخ محمود مغل، حاجی عبدالرحمان، بشیر گورسی، چودھری ربنواز، عامر اقبال، محمد اکرم، شیخ محمود، سید عمیر علی اور سینکڑوں لوگوں نے بھي شاديوں کي اجمتماعي تقريب ميں موجود تھے۔

تقريب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد منہاج القرآن ويمن ليگ واہ کینٹ کی بچییوں نے قصیدہ بردہ شریف پیش کیا۔ تمام جوڑوں کي رسم نکاح الگ الگ معنقد ہوئي اور مقامي علماء کرام نے نکاح پڑھائے۔ اس موقع پر دولہا محمد فیاض، بابر شہزاد، محمد حسنین، فرخ شہزاد اور ملازم حسین رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ تمام جوڑوں کو اپنی نئی زندگی کے لئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈيشن کی جانب سے 80، 80 ہزار مالیت کا جہیز دیا گیا۔ جس میں فرنیچر سميت گھریلو استعمال کی ديگر قيمتي اشياء بھي شامل تھیں۔

تقریب سے سینئر نائب ناظم اعليٰ شیخ زاہد فیاض، سابق ناظم سرائے کالا ٹیکسلا حاجی فرخ محمود مغل، نائب ناظم پنجاب راجہ ساجد محمود اور پروفیسر حافظ محمد ارشد نے خطاب کیا۔ تمام مقررین نے قائد تحریک شيخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے نظریات اور افکار کے علاوہ تنظیمی منصوبہ جات پر مفصل روشنی ڈالی۔

مہمان خصوصی شیخ زاہد فیاض نے اپنے خطاب ميں کہا کہ تنظیمی پلیٹ فارم سے ہر سال دو سو سے زائد اجتماعی شادیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس کے تمام اخراجات منہاج ویلفیئر فنڈ میں جمع شدہ رقم سے ادا کيے جاتے ہيں۔ انہوں نے بتايا کہ دنیا کی چند ریاستوں کو چھوڑ کر دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کا مضبوط نیٹ ورک موجود ہے جبکہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 8 پروجیکٹس شروع ہيں۔ جس میں تعلیم، صحت کے علاوہ مختلف منصوبہ جات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غير سرکاري سطح پر تحریک منہاج القرآن کا دنیا بھر میں سب سے بڑا تعليمي نیٹ ورک ہے۔ اس کے ساتھ دکھي انسانيت کي خدمت بھي اصل عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبادات بھی اسی کی شرف قبولیت اختیار کرتی ہیں جو اللہ کے بندوں سے محبت کرتا ہے ہمیں حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ہميں اپنے روز مرہ معمولات میں ان لوگوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے جو انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ منہاج القرآن اس کام کو بڑي دل جمعي سے آگے بڑھا رہا ہے۔

فرخ محمود مغل نے تحریک منہاج القرآن کے اراکین کو پر وقار تقریب کے انعقاد پر انھیں مبارک باد پیش کی۔ تقريب کا اختتام شاندار دعوت وليمہ سے ہوا، جس کے بعد تمام جوڑوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top