عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور شدید لوڈشیڈنگ سے ذہنی طور پر مفلوج اور مریض بن رہی ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے
خلاف مورخہ 26 اپریل 2010ء کو قومی کانفرنس منعقد ہوگی
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی پریس بریفنگ

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے گزشتہ روز تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور شدید ترین لوڈ شیڈنگ پر پریس بریفنگ کے دوران تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور شدید لوڈ شیڈنگ سے ذہنی طور پر مفلوج اور مریض بن رہی ہے۔ معاشی بوجھ بڑھنے کی وجہ سے عوام کا جینا مشکل ترین ہوتا جارہا ہے، عوام کے چولھے ٹھنڈے ہو رہے ہیں، حکمرانوں کے نعرے اور وعدے خیالی پلاؤ کے سوا کچھ نہیں۔ عوام کی بڑھتی ہوئی پریشانیاں خطرناک صورت اختیار کر سکتی ہیں ذمہ دار افراد کی عوام کے بنیادی حقوق سے چشم پوشی نفرت کی آگ بھڑکانے کے مترادف ہے، عوام میں بڑھتی ہوئی نفرت قومی یکجہتی کے خلاف گھناؤنی سازش ہے حکومت کو اس طرف توجہ دینی چاہیے ورنہ حالات گھمبیر صورت حال سے دوچار ہوسکتے ہیں۔ شاید پھر عوام کا غصہ اور احتجاج قابو سے باہر ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے اضافہ سے خواتین کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے، خواتین کے اضطراب سے عوام کی گھریلو زندگیاں متاثر ہورہی ہیں۔ ملک میں بے روز گاری ہے، گھر میں بنیادی ضروریات حیات کی اشیاء ناپید ہیں، عوام عجیب طرح کی غربت کی چکی میں پس رہی ہے اور کچھ لوگ خود کشیوں کے لیے تانا بانا بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا صنعتی کاروبار مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے تباہ و برباد ہوگیا ہے روزانہ ہزاروں لوگ بے روز گار ہو رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روز گاری ملک و قوم کے لیے بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے یعنی ’’مرتا کیا نہ کرتا‘‘ نوجوان برے راستوں کو اپنا کر زندگی کی بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنا شروع کردیں گے بلکہ بہت سی خرابیا ں پیدا ہو چکی ہیں۔ ذمہ دار افراد نے فورا توجہ نہ کی تو یہ سلسلہ بڑھتا ہی جائے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سیاستدانوں کی نا اتفاقی بھی عوام کے مسائل حل ہونے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ ہے، عوام کا کوئی پر سان حال نہیں۔ شاید سیاستدان عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں اگر سنجیدہ ہوتے تو عوام کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کا بھی کوئی بل پاس ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورت حال رہی تو عوام تنگ آکر اپنے حقوق کے حصول کے لیے خطرناک فیصلہ پر مجبور ہو سکتے ہیں جو ملک کے استحکام اور سلامتی کے لیے سود مند نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا احتجاج اور غصہ دن بدن بڑھتا ہی جارہا ہے یہ احتجاج خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے مگر حکومت نے لوڈشیڈنگ کے حوالہ سے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی، عوام کے بنیادی حقوق کے استحصال سے ملک انارکی کی طرف بڑھ رہا ہے محبین وطن اس پر خاموش رہیں زیب نہیں دیتا۔ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک نے فیصلہ کیا ہے کہ مورخہ 26 اپریل 2010ء کو مرکزی سیکرٹریٹ تحریک منہاج القرآن میں قومی کانفرنس منعقد ہوگی جس میں پاکستان کی سیاسی، مذہبی، جماعتوں، فلاحی تنظیموں، وکلاء، علماء، اساتذہ، طلباء، صحافی، تاجر، ڈاکٹر اور مختلف طبقہ ہائے زندگی کی نمائندہ تنظیموں کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ قومی کانفرنس عوامی امنگوں کی ترجمان ہوگی۔ اس کانفرنس میں تمام جماعتیں، تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے اراکین مل کر لوڈشیڈنگ اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خاتمہ کے لیے متفقہ لائحہ عمل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے تمام قومی، علاقائی اور سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو دعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کو کامیاب کرنے کے لیے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک نے متعدد وفود بھی تشکیل دیے ہیں جو سیاسی، قومی اور مختلف جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کر کے انہیں قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ اس موقع پر جواد حامد، سہیل رضا، شاہد لطیف، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، عاقل ملک، ساجد محمود بھٹی، محمد لطیف مدنی اور عبدالحفیظ چوہدری بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top