قومی کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

پاکستان بھر سے تاجر، مزدور، کسان، طلبہ اور وکلاء تنظیمات کے 150 سے زائد نمائندے کانفرنس میں شرکت کریں گے
قومی کانفرنس لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی
پرویز الہٰی، سینیٹر سیف اللہ، لیاقت بلوچ، چوہدری امیر حسین، قاری زوار بہادر، علامہ زبیر احمد ظہیر
سمیت اہم شخصیات شرکت کریں گی
قومی کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی پریس بریفنگ

پاکستان بد ترین معاشی بحران کی لپیٹ میں ہے جبکہ عوام توانائی کے اذیت ناک بحران کا ڈائریکٹ نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ بے روزگاری، مہنگائی اور عدم تحفظ کے شدید احساس نے پہلے ہی معصوم عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگرغیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ، بجلی کے نرخوں میں بار بار اضافے اور روز بروز بڑھتی ہوئی ہوش ربا مہنگائی نے تو ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام 26 اپریل کو ہونے والی قومی کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جی ایم ملک، ملک فضل، ساجد بھٹی اور عاقل ملک بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اعلانات اور وعدوں کے باوجود لوڈشیڈنگ میں کوئی کمی متوقع نہیں ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کی صدارت میں وفاقی کابینہ اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کا اجلاس بھی عوام کو اس بے ہنگم اور بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے کوئی ٹھوس منصوبہ بندی اور لائحہ عمل دینے سے رہے۔ مجوزہ اقدامات سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔ ان حالات میں جب وطن عزیز توانائی کے بدترین بحران کا شکار ہے لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف قومی کانفرنس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے اور یقینا یہ قومی کانفرنس لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو درپیش مسائل، توانائی کا بحران، مہنگائی اور تشویش ناک صورتحال کا تقاضہ ہے کہ تمام محب وطن عناصر اور جماعتیں مل بیٹھ کر ان مسائل کے خاتمے کے لیے ایک قومی لائحہ عمل پر متفق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات پر قومی کانفرنس منعقد کی جا رہی ہے۔ کانفرنس میں کراچی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، گجرات، لاہور، چیمبر آف کامرس کے عہدیدران کے علاوہ پاکستان بھر سے تاجر، مزدور، کسان، طلبہ اور وکلاء تنظیمات کے 150سے زائد نمائندے کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ کانفرنس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ 26 اپریل کو منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں جملہ سیاسی، مذہبی، قائدین کے ساتھ ساتھ علماء، مشائخ، تاجر، اساتذہ، صحافی، طلبہ، یوتھ، ڈاکٹر اور وکلاء کی نمائندہ تنظیمات اور اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے کہا کہ بدترین لوڈشیڈنگ اور قیامت خیز مہنگائی کے باعث ملک کا ہر فرد پریشان ہے اور اس وقت ملک کو درپیش یہ وہ دو بڑے مسائل ہیں جن کے باعث ملک معاشی عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا سلسلہ رک گیا ہے۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے عذاب سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جن اہم شخصیات نے قومی کانفرنس میں شرکت کا وعدہ کیا ہے ان میں سینیٹر سیف اللہ خان مسلم لیگ (ہم خیال)، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی مسلم لیگ (ق)، نصیر احمد بھٹہ مسلم لیگ (ن)، قاری زوار بہادر (جمعیت علماء پاکستان)، لیاقت بلوچ (جماعت اسلامی)، زبیر احمد ظہیر جمعیت اہل حدیث، مولانا ڈاکٹر اجمل قادری خدام الدین یونیورسٹی، رائے حسنین (صدر PUJ)، چوہدری امیر حسین (سابق سپیکر قومی اسمبلی) کے علاوہ صحافی تنظیمات، خواتین تنظیمات، سکھ، ہندو، مسیحی، پارسی برادری کے علاوہ دیگر اقلیتی رہنما بھی شرکت کریں گے۔ آخر میں ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بتایا کہ قومی کانفرنس تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 26 اپریل بروز پیر 10 بجے 365 ایم بلاک ماڈل ٹاؤن میں ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top