قومی کانفرنس عوام کی امنگوں کی ترجمان اور بنیادی حقوق کی بحالی کے لئے سنگ میل ثابت ہو گی : شیخ زاہد فیاض
قومی کانفرنس کے انتظامی سربراہ و تحریک منہاج القرآن کے سینئر
نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض
کی قومی کانفرنس کی انتظامی کمیٹیوں کے اہم اجلاس سے گفتگو
تحریک منہاج القرآن و پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام ہونے والی مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف قومی کانفرنس کے انتظامی سربراہ شیخ زاہد فیاض نے قومی کانفرنس کی انتظامی کمیٹیوں کے اہم اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی کانفرنس عوام کی امنگوں کی ترجمان اور عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لئے سنگ میل ثابت ہو گی۔ حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے۔ عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مایوسی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ قومی کانفرنس میں عوام کے مسائل کا لائحہ عمل باہمی متفقہ مشاورت سے تیار کیا جائے گا۔ اس اہم اجلاس کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں کانفرنس کے انتظامات کے لئے بنائی گئی مختلف کمیٹیوں کے ممبران نے شرکت کی جن میں احمد نواز انجم، بشیر خان لودھی، مولانا محمد حسین آزاد، جواد حامد، بلال مصطفوی، شاہد لطیف، سمیرا رفاقت ایڈوکیٹ، سہیل رضا، چوہدری محمد افضل گجر، قاضی فیض الاسلام، افتخار بیگ، عبدالحفیظ چوہدری اور لطیف مدنی بھی موجود تھے۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ قومی کانفرنس کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ قومی کانفرنس تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں 26 اپریل بروز پیر 10 بجے 365 ایم بلاک ماڈل ٹاؤن میں ہو گی۔ انہوں نے کہا کانفرنس میں مقتدر سیاسی، سماجی، مذہبی اور علمی شخصیات کے علاوہ تاجر، طلبہ، یوتھ، ویمن، صحافی، غیر مسلم اقلیتیں، سکھ، ہندو، مسیحی اور پارسی برادری کے نمائندے بھی شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف جماعتوں کے رہنماؤں جن میں سنیٹر سیف اللہ خان مسلم لیگ (ہم خیال)، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی مسلم لیگ (ق)، نصیر احمد بھٹہ مسلم لیگ (ن)، قاری زوار بہادر (جمعیت علماء پاکستان)، لیاقت بلوچ (جماعت اسلامی)، زبیر احمد ظہیر جمعیت اہل حدیث، مولانا ڈاکٹر اجمل قادری خدام الدین یونیورسٹی نے قومی کانفرنس میں شریک ہونے کی کنفرمیشن دی ہے۔
تبصرہ