منہاج القرآن ویمن لیگ لندن کے زیر اہتمام میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
منہاج القرآن انٹرنیشنل لندن کے مرکز پر منہاج القرآن ویمن لیگ کی جانب سے ماہ ربیع الاول میں 28 فروری 2010ء کو میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس میں حاضرین کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کی صدارت ویمن لیگ کی صدر محترمہ نسیم اختر نے کی جبکہ محترمہ فاطمہ مشہدی اور محترمہ فائزہ قادری مہمانان خصوصی تھیں۔
منہاج ویمن لیگ کی محترمہ انعمت نے قرآن پاک کی تلاوت سے محفل کا آغاز کیا۔ اس کے بعد بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں محترمہ جنت الفردوس، محترمہ ناصرہ، محترمہ فرزانہ ایاز، محترمہ عابدہ، محترمہ فرخندہ خان، محترمہ نزہت اور محترمہ فاطمہ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ تقریب میں نقابت کے فرائض محترمہ نزہت پرویز (جنرل سیکرٹری) نے انجام دیئے۔
محترمہ فاطمہ مشہدی نے ’’ میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر جامع اور مدلل خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ رب کائنات نے اپنی توحید کی ابتداء محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کی اور اس دنیا میں ظاہری طور پر توحید کی ابتداء حضرت آدم علیہ السلام سے کی۔ جب توحید کی تکمیل کا وقت آیا تو رب نے فرمایا کہ ’’میں نے بھیج دیا ہے محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو توحیدکی تکمیل کے لئے‘‘ رب کائنات نے فرمایا کہ ’’نبوت کی ابتداء بھی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں اور اس کی انتہا بھی محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں‘‘ گویا رب کائنات یہ فرماتا ہے کہ اس کارخانہ قدرت میں رب کی توحید کی سب سے بڑی دلیل محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی ہے۔
محترمہ فاطمہ مشہدی نے مزید کہا کہ آج ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو وہ کردار ادا کرنا ہوگا جو بی بی زینب رضی اللہ عنہا نے میدان کربلاء میں ادا کیا تھا۔ آج اگر ہم بھی خود کو اسلامی اقدار میں بدلنا چاہتیں ہیں تو ہمیں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے اپنی زندگیوں کو اسلام کے لیے وقف کرنا ہوگا۔ ہمیں عزم مصمم کرنا ہو گا۔ ہمیں اپنے من کے اندر جھانک کر وہ شعور بیدار کرنا ہے جو دنیا میں منہاج القرآن کی پہچان بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کا راستہ کربلا کا راستہ ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ آج ہمیں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شخصیت کی سنگت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ذرا چشم تصور میں لائیں کہ آج سے 30 سال پہلے برطانیہ میں نور و بشر کے جھگڑے ہو رہے تھے مگر شیخ الاسلام نے امت مسلمہ کو یہ کلچر دیا کہ آج وہ لوگ جو میلاد نہیں مناتے تھے وہ بھی میلاد منا رہے ہیں۔ انہوں نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو اور اپنے رویوں کو تبدیل کر کے منہاج القرآن کا ساتھ دینا ہوگا۔
پروگرام کے اختتام پر محترمہ فاطمہ مشہدی نے رقت آمیز دعا کروائی جس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور آخر میں لنگر بھی پیش کیا گیا۔
اس پروگرام میں خواتین کو سہولت کے لئے منہاج بک سٹال بھی لگایا گیا جس میں شیخ الاسلام کی تصانیف رکھی گئی تھیں اس کے علاوہ ویمن لیگ کی صدر محترمہ نسیم اختر صاحبہ نے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرامز میں باقاعدگی سے شرکت کرنے والی بزرگ اور جوان خواتین کو سکارف بطور میلاد گفٹ پیش کئے اس طرح یہ محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔
رپورٹ : نزہت پرویز(لندن)
تبصرہ