جس معاشرے میں اساتذہ کا احترام نہیں وہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا : ساجد گوندل

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ساجد گوندل نے کہا کہ اساتذہ پر تشدد اور قاتلانہ وارداتیں تعلیمی نظام کو ثبوتاز کرنے کے مترادف ہے جس معاشرے میں اساتذہ کا احترام نہیں وہ ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا وہ گذشتہ روز اپنے آفس میں بلوچستان سے آئے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ بلوچستان کے صدر نبی بخش شجرانی کی قیادت میں طلبہ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں پروفیسر پر تشدد اور کوئٹہ میں خاتون پروفیسر کا قتل پاکستانی قوم کے لیے ایسے واقعات بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا اقوام کا عروج و زوال تعلیم سے وابسطہ ہے۔ جن اقوام نے تعلیم سے وفا کی تاریخ نے انہیں عزت اور تمکنت عطا کی۔ انہوں نے کہا تعلیم و تربیت میں اساتذہ مرکزی کردار ادا کرتے ہیں مگر جس معاشرے میں اساتذہ کی تذلیل ہوتی ہو اس معاشرے سے عزت اور عروج چھن جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ نظام تعلیم کو بہتر اور ٹھوس بنیادوں پر دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرے تاکہ ملک و قوم میں خودداری و خود انحصاری کا جذبہ پروان چڑھے۔ انہوں نے کہا غنڈہ گردی، دہشت گردی، انتہا پسندی کا تعلیم گاہوں سے کوئی تعلق نہیں۔ تعلیمی ادارے قوم کی نسل نو کوسنوارنے اور آگے بڑھنے کا جذبہ عطا کرتے ہیں تاکہ ملک کو ایسے افراد تیار کر کے دیئے جائیں جو دور حاضر کے تمام چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کامیابی کی طرف بڑھنے کی راہیں متعین کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top