منہاج القرآن بادالونا کے زیر اہتمام ماہانہ گیارہویں شریف

24 اپریل 2010ء بروز ہفتہ کو بعد از نماز عصر نئی مسجد منہاج القرآن بادالونا میں ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈنمارک سے آنے والے علامہ شاہد ریاض منہاجین نے خصوصی خطاب فرمایا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے محمد شہزاد نے کیا جس کے بعد محمد عثمان اور محمد عتیق قادری نے آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

سلسلہ نعت خوانی کے بعد علامہ شاہد ریاض کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ جس طرح حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مقام و مرتبہ تمام مخلوقات سے بلند ہے اسی طرح حضور غوث اعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کا مقام و مرتبہ اولیاء کرام میں سب سے بلند ہے۔ اور ان کو یہ مرتبہ ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملا ہے۔ اللہ جل مجدہ کے نزدیک سب سے بہتر وہ ہے جس کے دل میں تقوی کی دولت ہے اور بے شک تقوی ادب محبوب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ملتا ہے۔

آج کل کے دور میں اگر اپنے آپ کو اور اپنے ایمان کو بچانا ہے تو کسی ایسی جماعت کے ساتھ اپنی سنگت اختیار کرنی چاہیے جو دنیا بالخصوص آخرت میں کام آئے۔ خطاب کے بعد بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں صلاۃ و سلام پیش کیا گیا جس کے بعد شرکاء محفل کے لئے لنگر کا انتظام کیا گیا۔

رپورٹ : محمد عتیق قادری (صدر منہاج یوتھ لیگ سپین)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top