پاکستان میں ساری خرابیاں تعلیم پر عدم توجہ کی وجہ سے ہیں : ایس ایم ظفر

مورخہ: 05 مئی 2010ء

قوم کے مسائل کے حل کے لئے علی گڑھ جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
منہاج ایجوکیشن سوسائٹی فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی فکری، نظریاتی، اخلاقی
تربیت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے : شاہد لطیف
تحریک منہاج القرآن ملک میں تعلیم عام کرنے کے لئے جہاد کر رہی ہے : خیرات محمد ابن رسا
منہاج ایجوکیشن بورڈ کے زیر اہتمام سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطابات

معروف ماہر قانون چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی ایس ایم ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ساری خرابیاں تعلیم پر عدم توجہ کی وجہ سے ہیں۔ پاکستان کے مسائل کا حل تعلیم و تربیت کے نظام کو تشکیل دینے میں مضمر ہے۔ جو ملک تعلیم پر توجہ دیتے ہیں وہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہو جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز منہاج ایجوکیشن بورڈ کے زیر اہتمام سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رانا طاہر سلیم، سیف اللہ بھٹی اور محمد اقبال ڈوگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا اگر ہم تعلیم کو پہلی ترجیح پر رکھتے تو ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑے۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر شاہد لطیف نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کی فکری، نظریاتی، اخلاقی تربیت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور اس کا آغاز اساتذہ کی ٹریننگ سے کیا جارہا ہے تاکہ استاد کو رول ماڈل بنایا جائے۔ استاد کی عزت بحال کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ بے مقصد تعلیم معاشرے میں مسائل پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے مسائل کے حل کے لئے علی گڑھ جیسے تعلیمی اداروں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی گڑھ نے طلبہ کو شعور دیا اور ہم پاکستان بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے کہا تحریک منہاج القرآن ایسے تعلیمی ادارے قائم کر رہی ہے جو ملک و قوم کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ثابت ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ماہر تعلیم خیرات محمد ابن رسا نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ملک میں تعلیم عام کرنے کے لئے جہاد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت بڑی تیزی سے بدل رہا ہے اس بدلتے ہوئے وقت میں وہی ترقی کر سکتا ہے جو وقت اور زمانے کے تقاضوں کو سمجھ کر چلے گا جو وقت کی رفتار کو نہیں سمجھتا وہ پیچھے رہ جائے گا۔ تقریب کے آخر میں منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے ڈائریکٹر پروفیسر شاہد لطیف قادری نے مہمانان گرامی کا شکریہ اداکیا اور سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top