امت مسلمہ کا عروج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وارفتگی کے تعلق سے مشروط ہے : ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 25 مئی 2010ء

منہاج القرآن کا گوشہ درود و سلام عالم اسلام میں روحانی انقلاب کی بنیاد ہے
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا کینیڈا سے گوشہ درود میں معتکفین سے ٹیلی فونک خطاب

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی و روحانی تعلق کی مضبوطی کا بہترین ذریعہ درود و سلام ہے اور تحریک منہا ج القرآن آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے کمزور پڑ جانے والے تعلق کی مضبوطی و بحالی کیلئے پوری دنیا میں سرگرم ہے۔ تحریک منہاج القرآن کا گوشہ درود عالم اسلام میں روحانی انقلاب کی بنیاد ہے اور وہ وقت دور نہیں جب وطن عزیز کا گھر گھر درود و سلام سے گونجے گا اور اس کے مثبت اثرات پورے عالم اسلام پر مرتب ہو نگے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن روحانی و اخلاقی اقدار کی بحالی کیلئے منظم انداز میں کام کر رہی ہے اور درود و سلام وہ عمل ہے جو اللہ اور فرشتوں کا معمول ہے اور یہ ہر صورت میں قطعی القبول ہے۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھے گئے درود و سلام کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک منہاج ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں گوشہ درود میں بیٹھنے والے معتکفین سے کینیڈا سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ شیخ الا سلام نے کہا کہ انفرادی اور اجتماعی طور پر ہماری زندگی میں بگاڑ اس لئے ہے کہ ہم نے دنیا کو اپنا کعبہ بنا لیا ہے جس کی وجہ سے دین اسلام سے ہمارا تعلق انتہائی کمزور پڑ چکا ہے۔ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے دعوے رسم بن گئے ہیں۔ ان دعوؤں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی محبت کا تعلق پیدا کرنے پر محنت کرنا ہو گی۔ راتوں کو اٹھ کر ہمیں اللہ کے حضور سجدوں میں آنسو بہانا ہونگے تاکہ ہمارے دلوں کا زنگ اترے۔ انہوں نے کہا کہ دلوں میں دنیا کی محبت کے بت سجا کر جبینوں کو خدا کے حضور جھکانے کے عمل نے ہمیں برکت سے محروم کر دیا ہے۔ دلوں کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت میں تڑپانا ہو گا اور یہ تڑپنا درود و سلام کے عمل کو دوام دینے سے ممکن ہو گا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ امت مسلمہ کا عروج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وارفتگی کے تعلق سے مشروط ہے۔ امت نے جس دن دنیاوی آقاؤں سے منہ موڑ کر اپنے آقا و مولا کی محبت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا وہ دن امت کو عروج کی نوید سنائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top