منہاج القرآن ویمن لیگ کی نائب ناظمہ دعوت عائشہ حسنین کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
منہاج القرآن ویمن لیگ نے 17 مئی 2010ء کو نائب ناظمہ دعوت محترمہ عائشہ حسنین ہاشمی کی یاد میں ایک تعزیتی رلفرنس کا انعقاد کیا۔ مرحومہ 2 مئی کو ایک ٹریفک حادثے میں شہادت پاگئی تھیں۔ کانفرنس ہال میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن، مرکزی قائدین، قریبی اضلاع کی تنظیمات اور کمالیہ سے مرحومہ کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔
تلاوت قرآن پاک اور نعت مبارکہ سے تعزیتی ریفرنس کا آغاز کیا ہوا۔ ناظمہ دعوت محترمہ فریحہ خان نے نقابت کے فرائض سر انجام دیتے ہوئے شہیدہ کا تعارف پیش کیا۔
محترمہ سمیرا رفاقت ناظمہ ویمن لیگ نے منہاج القرآن ویمن لیگ اور اپنے جذبات کی عکاسی کرتے ہوئے کہا آج مشن کی عظیم مجاہدہ اور شیخ الاسلام کی قابل فخر بیٹی ہم میں موجود نہیں ہے۔ جس پر ہم سب بہت رنجیدہ ہیں کیونکہ ان کی اچانک وفات سے ویمن لیگ کے وجود کا ایک حصہ کٹ گیا ہے۔ آج ویمن لیگ ادھوری رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں کی یاد منانا اور ان کا ذکر اللہ کریم اور آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت ہے۔ اسی سنت الہیہ اور فرمان نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمارے لیے مثال قائم کی اوراسی لیے آج ہم اس مجاہدہ کی خدمات کا اعتراف کرنے اور انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرحومہ عائشہ حسنین نے مرکز پر مختصر عرصے میں نظامت دعوت کے دوسرے کاموں کے ساتھ حلقہ درود کے پراجیکٹ کو بہت محنت سے شروع کیا اور اس کا دائرہ کار پھیلا دیا۔ وہ سچی عاشق مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور کثرت سے درود پاک کا ورد کیا کرتی تھیں۔
مرحومہ عائشہ حسنین ہاشمی کے سسر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری یہ بیٹی مشن کا عظیم سرمایہ تھی جو اپنی زندگی میں بھی اپنے والدین اور مشن کا فخر تھی اور شہادت کے بعد بھی ہمارا سر فخر سے بلند کر گئی ہے۔ یہ ساری عزت اسے حضور شیخ الاسلام کی سنگت کی وجہ سے ملی۔ مسز اختر فرید صاحبہ سابقہ صدر ویمن لیگ کمالیہ اور محترمہ ارم امتیاز ناظمہ ویمن لیگ کمالیہ نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
میاں عبدالقادر نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ محترمہ عائشہ حسنین ہاشمی اپنے کام کے ساتھ بہت مخلص تھیں۔ انہوں نے مختصر عرصے میں اپنی کمٹمنٹ اور جذبے سے حلقہ درود کے پراجیکٹ کو بہت کامیابی کے ساتھ چلایا۔
جی ایم ملک نے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ پوری تحریک مرحومہ کے اہل خانہ اور ویمن لیگ کے ساتھ اس غم میں برابر کی شریک ہے۔ اللہ کریم انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور تحریک کے ہر کارکن کو شہادت کا جذبہ نصیب فرمائے۔
نائب ناظمِ اعلیٰ ریسرچ سکوارڈن لیڈر ریٹائرڈ عبدالعزیز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ مخلصین، صدیقین، شہداء اور صالحات میں سے ہیں۔ انہیں یہ منصب اس لئے ملا کہ کم عمری ہی میں وہ یہ راز پا گئیں کہ مشن کی خدمت دراصل محبت کی شہادت گاہ ہے۔ وہ مشن کی بہت اچھی رفیقہ تھیں۔ ان میں علم کی جستجو اور آگے بڑھنے کی لگن تھی۔ ان کے انداز میں بہت ٹھہراؤ اور دھیما پن تھا جیسے اللہ پاک نے ان کے دل پر سکون نازل فرما رکھا ہو۔ وہ مشن کا عظیم سرمایہ تھیں۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔
محترمہ سمیرا رفاقت صاحبہ نے سنیئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض صاحب کا تعزیتی پیغام پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے اپنے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ سچی عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھیں اور بہت اچھی کارکن تھیں۔ مختصر عرصے میں کام کو احسن طریقے سے سر انجام دیا انکی شہادت مشن کا ایک عظیم نقصان ہے۔
آخر میں ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ کے مختصر عرصے میں جس طر ح محترمہ عائشہ حسنین ہاشمی نے احسن انداز میں کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ منہاج القرآن ویمن لیگ کے پلیٹ فارم پر وہ اپنی یادوں کے گہرے نقوش دلوں پر چھوڑگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشن کی خدمت کا جو انداز انہوں نے اپنایا وہ ہم سب کے لئے قابل تقلید ہے۔ وہ صابرہ اور شاکرہ تھیں اوراپنے آخری لمحات میں بھی صبر کی مثال قائم کر دی۔ اللہ رب العزت ویمن لیگ اور انکے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
آخر میں ناظم علماء کونسل فرحت شاہ نے محترمہ عائشہ حسنین ہاشمی کی فاتحہ خوانی اور بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کروائی۔
تبصرہ