ناسازگار حالات کی وجہ سے صنعت و تجارت پہلے ہی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی

مورخہ: 27 مئی 2010ء

ذرائع آمدن میں اضافے کی بجائے مسلسل کمی ہو رہی ہے، ایسے میں بجلی کے نرخوں میں اضافہ سے عوام کا جینا دو بھر ہو جائے گا
حکومت معیشت کی بحالی پر توجہ دے
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب

حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں اضافہ کا عندیہ مہنگائی کے ہاتھوں پسے ہوئے مجبور عوام کیلئے ناقابل برداشت ہو گا۔ پہلے ہی بجلی کے نرخوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیض الرحمٰن درانی، جی ایم ملک، ساجد بھٹی، جمیل اجمل، عاقل ملک، فرحت حسین شاہ، رانا محمد ادریس، امجد جٹ، بلال مصطفوی، جاوید اقبال قادری، جواد حامد اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران حکومت نے بجلی کی قیمت میں تقریبا 50 فیصد اضافہ کیا ہے جبکہ صورتحال یہ ہے کہ ذرائع آمدنی میں اضافے کی بجائے مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ ایسے میں بجلی کے نرخوں میں ناروا اضافہ عوام کا جینا دو بھر کر دے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں بجلی کی قیمت میں مزید اضافے کی عوام متحمل نہیں ہو سکتے۔ کیونکہ ناسازگار حالات کی وجہ سے صنعت و تجارت پہلے ہی اپنی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے۔ اور سرمایہ کاری میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے جو رپورٹ شائع کی ہے اس کے مطابق ملکی معیشت کی صورتحال خوفناک حدوں کو چھو رہی ہے۔ دوسری طرف حکومت جتنی توجہ سپریم کورٹ سے محاذ آرائی پر دے رہی ہے اگر اتنی توجہ معیشت کی بہتری، توانائی کے بحران اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے دے تو شاید حالات میں بہتری آجائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو توانا ئی کے بحران، مہنگائی کے طوفان اور آنے والے بجٹ میں سنجیدگی کے ساتھ حالات سے ستائے عوام کو ریلیف دینا ہو گا۔ انہوں نے اہلیان ہنزہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ جھیل کا پانی کسی بھی قسم کا نقصان کئے بغیر جلد جاری ہو جائے اور اہل ہنزہ سلامتی سے اپنے گھروں کو چلے جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top