منہاج القرآن اسلامک سنٹر بادالونا کو مسجد کے افتتاح پر تنظیمات اور شخصیات کی طرف سے مبارکباد

مورخہ: 06 مئی 2010ء

مورخہ 06 مئی 2010ء کو منہاج القرآن اسلامک سنٹر بادالونا کے افتتاح کے بعد پورے یورپ بارسلونا، بادالونا اور کاتا لونیا بھر کی پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے منہاج القرآن سپین کو مبارکباد کے پیغامات موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

بارسلونا اور سپین کے دیگر علاقوں کی 26 پاکستانی تنظیمات پر مشتمل پاکستان فیڈریشن کے صدر راجہ شعیب ستی نے منہاج القرآن سپین کی دعوت پر افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور منہاج القرآن بارسلونا کے قائدین کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ انہیں آج بادالونا میں مسجد کی افتتاحی تقریب میں دلی خوشی ہوئی ہے۔ بادالونا کے مسلمانوں کا ایک دیرینہ خواب آج منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے پورا ہو رہا ہے اس موقع پر انہوں نے بادالونا کی پاکستانی تنظیمات ندائے پاکستان اور پاک پنجاب کاتالان ایسوسی ایشن کا بھی مسجد کے قیام میں تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل نے یورپ بھر میں مساجد کا جال بچھا دیا ہے۔ یورپ کے جس بڑے شہر میں جائیں وہاں منہاج القرآن کا مرکز موجود ہوتا ہے اور اب سپین میں بھی منہاج القرآن کا یہ چوتھا مرکز قائم ہوا ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس کام میں منہاج القرآن کے ساتھ ہیں اور اپنی طرف سے پورے تعاون کا یقین دلاتے ہیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) سپین کے سرپرست اور بادالونا کے رہائشی آفتاب حسین ابرار نے بھی مسجد کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور تمام انتظامی امور میں منہاج القرآن بادالونا کی ٹیم کے شانہ بشانہ کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج بادالونا کے مسلمانوں کے ایک حسین خواب کی تعبیر کا دن ہے۔ یقینا اس مسجد کے قیام سے ہماری آنے والی نسل کو صراط مستقیم پرچلنے، اپنے مذہبی شعائر کی پابندی اور دین کے علم کو سیکھنے میں بھر پور مدد ملے گی۔ واضح رہے کہ آفتاب حسین ابرار کی عملی معاونت سے بادالونا مسجد کے افتتاح سے پہلے ہی 15 روزہ درس قرآن و حدیث کا پروگرام چل رہا تھا اور اسی طرح ماہانہ گیارہویں شریف میں بھی ان کا بھر پور تعاون شامل ہے۔

ممتاز کاروباری و سماجی شخصیت چوہدری مظہر اقبال ورائچ نے منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری سے اپنی گفتگو میں منہاج القرآن بادالونا مرکز کے قیام پر مبارکباد پیش کی اور اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ اب بادالونا کے مسلمانوں کو اپنی عبادت کے لئے دور دراز کاسفر نہیں کرنا پڑے گا۔ موصوف نے مسجد کے قیام میں بھر پور مالی تعاون فراہم کیا تھا۔

پاک پختون اتحاد ایسوسی ایشن کے صدر سید ظفر علی شاہ نے بھی مسجد کے قیام پر انتہائی خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہوئے منہاج القرآن سپین کو دلی مبارکباد پیش کی اور اس کار خیر میں اپنے بھر پور تعاون کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین پر اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم ہے کہ منہاج القرآن کو بادالونا میں بھی مسجد کے قیام کے لئے عملی کوششیں کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اب اس مسجد کے قیام سے اس علاقہ کے لوگوں کو یقینا بہت فائدہ ہوگا۔

ندائے کشمیر کے صدر راجہ مختار احمد سونی نے مسجد کے قیام پر دلی مسرت کا اظہار کیا اور منہاج القرآن سپین کو دلی مبارکباد پیش کی اور اس کار خیر میں اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پاک پنجاب کا تالان کے سابقہ صدر قیصر محمود نت نے بھی مسجد کے قیام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا اور بادالونا کی تنظیمات کو مبارکباد پیش کی۔ یاد رہے کہ مسجد کے قیام کے لئے ابتدائی کوششوں میں چوہدری قیصر محمود نت کا بھی بھر پور کردار رہا ہے۔

ان کے علاوہ Espak کاروباری چین کے ڈائریکٹر سعداللہ خان، پاک فیڈریشن کے ڈپٹی سپیکر ذوالفقار علی حشمت (المعروف بابا علی)، گجر فورم سپین کے صدر چوہدری اقبال گجر، ندائے پاکستان کے جنرل سیکرٹری محمد حلیم بٹ، پاک فیڈریشن سپین کے سابقہ صدر فیض اللہ ساہی، پاک فیڈریشن کے نائب صدر طارق حفیظ عباسی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماء ایاز عباسی اور محمد اکرم گل نے بھی منہاج القرآن بارسلونا کے صدر حاجی مظہر حسین، سرپرست محمد نواز کیانی، سیکرٹری جنرل نوید احمد اندلسی اور صدر مصالحتی کونسل محمد اقبال چوہدری کے نام اپنے اپنے پیغامات میں مسجد کے قیام پر بھر پور مسرت کا اظہار کیا اور اس مقدس کام میں اپنے بھر پور عملی تعاون کی یقین دہانی کرائی

رپورٹ : نوید اندلسی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top