منہاج القرآن اسلامک سنٹر بادالونا کا افتتاح

مورخہ: 06 مئی 2010ء

منہاج القرآن اسلامک سنٹر بادالونا کی افتتاحی تقریب مورخہ 6 مئی 2010 بروز جمعرات شام 7 بجے منعقد ہوئی جس میں بادالونا کی مقامی اور پاکستانی کمیونٹی، سرکاری عہدیداران، مقامی و پاکستانی سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیمات کے نمائندوں کے علاوہ مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمانان خصوصی علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری (سفیر یورپ منہاج القرآن انٹرنیشنل)، Montserrat Coll (ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حکومت کاتالونیا)، محمد شعیب (کاتالان پارلیمنٹ میں مسلمان ممبر)، راجہ محمد شعیب ستی (صدر پاکستان فیڈریشن سپین)، Josep Pera (کونسلر بلدیہ بادالونا) اور Franses Torredflot (راہنماء یونیسکو کاتالونیا) تھے۔ دیگر پاکستانی مہمانوں میں جاوید مغل (ڈائریکٹر ہم وطن)، حافظ عبدالرزاق صادق (چیئرمین پاک پریس کلب)، شفقت علی رضا (چیف ایڈیٹر پاک نیوز)، ذوالفقار علی حشمت، فیض اللہ ساہی، مہر قمر علی، آفتاب احمد و دیگر مقامی مہمانوں میں سوشلسٹ پارٹی کے ناظم تنظیمات Jowep Maria Sala، بادالونا کی مقامی سماجی تنظیمات کے صدور، ہمسائیوں کی انجمن کے صدر، بارسلونا بلدیہ کے مذہبی امور کے نمائندے مصطفیٰ اور بلدیہ بادالونا کے مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران شامل تھے۔ منہاج القرآن سپین بارسلونا، منہاج یوتھ لیگ سپین اور بادالونا کے تنظیمی عہدیداران نے خوشی و مسرت کے اس تاریخی موقع پر بھر پورشرکت کی۔

افتتاح کے لئے سب سے پہلے 2 نوافل تحیۃ المسجد ادا کئے گئے، جس کے بعد سفیر یورپ منہاج القرآن انٹرنیشنل علامہ حافط نذیر احمد خان قادری، حکومت کاتالونیا کی ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور موشرات کول، بلدیہ بادالونا کے کونسلر برائے سماجی بہبود جوزیب پیرا، امیر منہاج القرآن بارسلونا علامہ عبدالرشید شریفی اور سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشل سپین نوید احمد اندلسی نے دیگر شرکاء کی موجودگی میں فیتا کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا جس کے بعد حصول برکت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب کے اگلے حصے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ محمد عابد نقشبندی (امام منہاج القرآن اسلامک سنٹر بارسلونا) نے حاصل کی، جس کے بعد محمد عثمان (ممبر منہاج یوتھ لیگ سپین) نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض صدر مصالحتی کونسل سپین محمد اقبال چودھری نے سرانجام دیئے۔

علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری نے مساجد و دینی مراکز کی اہمیت پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کی حفاظت اور آنے والی نسلوں کو بچانے کے لئے مساجد قائم کرنا ضروری ہے اس کے علاوہ انہوں نے آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے پہلے انبیاء کے ادوار میں بھی مساجد کی تاریخی و مذہبی حیثیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ کائنات میں سب سے پہلے فرشتوں نے اللہ تعالیٰ کا گھر تعمیر کیا، اس کے بعد اس سلسلہ کو حضرت آدم علیہ السلام، حضرت نوح علیہ السلام، حضرت ابراہیم علیہ السلام، اور حضرت سلیمان علیہ السلام نے جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی رو سے وہی لوگ مساجد کو تعمیر و آباد کرتے ہیں جو اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہیں۔

بادالونا بلدیہ کے کونسلر برائے سماجی امور Josep Pera نے اپنی گفتگو میں مسجد کی تعمیر اور افتتاح پر بادالونا میں رہنے والے پاکستانیوں کو خصوصی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ بادالونا کے مسلمانوں کا حق تھا جو ان کو دیا گیا، اس سلسلہ میں مختلف جماعتوں کی جانب سے مخالفت پہلے بھی تھی اور اب بھی ہے تاہم قانون سب کے لئے ایک جیسا ہے، بادالوانا کی مسجد کی تعمیر کے لیے منہاج القرآن انتظامیہ نے تمام قانونی تقاضے پورے کئے ہیں، اس لئے ان کو اجازت نامہ دیا گیا۔

پاکستان فیڈریشن کے صدر راجہ شعیب ستی نے کہا کہ آج کا دن بہت خوشی کا دن ہے، بادالونا کے مسلمان اب نماز پنجگانہ اپنی مسجد میں ادا کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم تمام قوانین کا احترام کرتے ہوئے کسی شکایت کا موقع نہ دیں۔ اس موقع پر انہوں نے بادالونا کی تنظیمات کو مسجد کی تعمیر کے سلسلے میں منہاج القرآن کا ساتھ دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے یورپ بھر میں مساجد کا جال بچھا دیا ہے۔ شعیب ستی نے فیڈریشن کی جانب سے منہاج القرآن کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مقامی ہمسائیوں کی تنطیم کے صدر Anngel نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ہم مسلمانوں کو بادالونا میں خوش آمدید کہتے ہیں اور مسجد کی تعمیر مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ کاتالان پارلیمنٹ کے مسلمان ممبر محمد شعیب نے بھی منہاج القرآن کو مسجد کی تعمیر مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور بتایا کہ مسلمانوں کو قانون کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں جو دیگر اقوام کو ہیں اس لئے ہمیں اپنے حقوق حاصل کرنے کے لئے قانونی طریقہ کار استعمال کرنا چاہیئے۔ بادالونا کی تنظیم (بادالونا سب کا ہے) کی نمائندگی Maria Dolores نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ جیسا کہ ان کی تنظیم کے نام سے ظاہر ہوتا ہے وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ بادالونا میں رہنے والے تمام لوگوں کو ایک جیسے حقوق ملنے چاہیں۔

یونیسکو کاتالونیا کے سربراہ Fransesc نے کہا کہ کسی بھی مذہب کی عبادت گاہ کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے کیونکہ عبادت گاہیں انسان کے ذہن میں امن و سکون قائم کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں اور جن لوگوں کے ذہنوں میں امن ہو وہی باہر امن قائم کرسکتے ہیں، اس کے برعکس جو لوگ ذہنی طور پر منتشر ہوں وہ کبھی بھی امن قائم نہیں کر سکتے۔ انہوں نے منہاج القرآن بادالونا کی مسجد کے قیام پر تمام شرکاء کو مبارکباد دی۔

تقریب کی آخری مقرر کاتالونیا حکومت کی ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور Montoserat Coll نے اپنے خطاب میں کہا کہ گذشتہ 10 سال سے زیادہ عرصہ اس بات کا شاہد ہے کہ منہاج القرآن نئے آنے والوں اور مقامی شہریوں کے مابین رابطے کا کام احسن طریقے سے سرانجام دے رہا ہے۔

سٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دیتے ہوئے منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چودھری نے منہاج اسلامک سنٹر بادالونا کی تعمیر کے دوران تعاون پر بادالونا کی تمام پاکستانی تنظیمات اور نمائندہ شخصیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج مسجد کا افتتاح تمام لوگوں کے تعاون سے ہی ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے مقامی پاکستانی ذرائع ابلاغ (میڈیا)، ادارہ ہم وطن، ڈیلی میزبان، پاک نیوز، پاسبان، دیس پردیس کا بالخصوص شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ منہاج القرآن سپین کی سرگرمیوں کو بلامعاوضہ خصوصی کوریج دی۔ انہوں نے بتایا کہ آج سے مسجد میں نماز پنجگانہ کی ادائیگی شروع ہو جائیگی اور ان شاء اللہ جلد ہی مسجد میں دیگر سرگرمیوں کا آغاز کر دیا جائے گا جن میں خواتین اور بچوں کی دینی تعلیم، مقامی زبان کاتالان اور ہسپانوی زبان کی کلاسز شامل ہیں۔ انہوں نے اہل محلہ سے ان تمام سرگرمیوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے تعاون کی اپیل کی۔

تقاریر کے بعد مسجد کے سامنے (گلی میں) میز لگا کر پاکستانی مٹھائیوں، سموسوں، پکوڑوں اور مشروبات سے مہمانوں کی تواضع کی گئی اور اس طرح یہ یادگار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

رپورٹ: (نوید اندلسی)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top