صحافی برادری کی جانب بادالونا مسجد کے قیام پر مبارک باد

مورخہ: 06 مئی 2010ء

6 مئی کو منہاج اسلامک سنٹر بادالونا کے افتتاح کے بعد پورے بارسلونا، بادالونا اور کاتالونیا بھر کی پاکستانی کیمونٹی کی طرف منہاج القرآن سپین کو مبارک باد کے پیغامات وصول ہونے کا سلسلہ جا ری ہے۔ زیر نظر خبر بارسلونا میں پاکستانی میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی طرف سے مبارک باد کے پیغامات پر مشتمل ہے۔

بارسلونا کے صحافیوں کی تنظیم پاک پریس کلب سپین کے چیئرمین اور مشہور آن لائن اخبار ڈیلی میزبان کے چیف ایڈیٹر حافظ عبدالرزاق صادق نے منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری سے اپنی ملاقات میں منہاج القرآن بادالونا کے مرکز کے قیام اور افتتاح پر خصوصی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی سال سے بادالونا میں بسنے والی مسلمان کیمونٹی مسجد کی کمی وجہ سے بڑے اضطراب کا شکار تھی جیسے جیسے فیملیز کی آمد میں اضافہ ہو رہا تھا نئے آنے والے بچے بھی مسجد و مدرسے کے بارے میں جب اپنے والدین سے سوال کرتے تو والدین کے پاس بچوں کے لیے کوئی تسلی بخش جواب نہیں ہوتا تھا اور اب ان شاء اللہ مسلمانوں کی مذہبی اور روحانی تربیت کا ایک بہترین دروازہ کھلا ہے اور اہل بادالونا خوش نصیب ہیں جن کو علامہ عبدالرشید شریفی جیسے مستند عالم دین کی خدمات حاصل ہیں۔

یاد رہے کہ مسجد کی اجازت کے حصول میں حافظ عبدالرزاق صادق کا کردار انتہائی مثبت رہا ہے۔ انہوں نے سوشلسٹ پارٹی کاتالونیا کے ممبر کی حیثیت سے بھی بلدیہ بادالونا میں برسراقتدار سوشلسٹ ناظم اور ممبران کو حتی الوسع دباؤ ڈال کر اس کام کو جلد از جلد پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے کام کیا۔

پاک پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ، بارسلونا سپین کے سینئر صحافی اور ہفت روزہ ہم وطن کے چیف ایڈیٹر جاوید مغل نے بھی محمد اقبال چوہدری سے اپنی ملاقات میں منہاج اسلامک سنٹر بادالونا کے قیام پر منہاج القرآن بارسلونا اور منہاج القرآن بادالونا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یقینا یہ ایک مستحسن کام ہے، مسجد کے قیام سے نئی نسل کی تربیت ہو گی اور بادالونا میں رہائش پذیر فیملیز بھی اس سے استفادہ ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ ہفت روزہ ہم وطن ہمیشہ سے منہاج القرآن بارسلونا سے تعاون کرتا آیا ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

معروف آن لائن اخبار Pak news.es کے چیف ایڈیٹر شفت علی رضاء نے نوید احمد اندلسی سے اپنی گفتگو میں کہا کہ آج سے 15 سال قبل علامہ حافظ نذیر احمد خان قادری نے سپین میں منہاج القرآن کی بنیاد رکھی، اس وقت وہ فرد واحد کی سوچ اور کام تھا اورآج منہاج القرآن سپین جس مقام پر ہے اس میں سب کی کاوشیں شامل ہیں، انہوں نے 1995ء میں سپین میں منہاج القرآن کی بنیاد رکھی گئی جس میں لوگ ملتے گئے اورکارواں بنتا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بادالونا میں منہاج القرآن کے مرکز کا قیام ایک خوش آئند بات ہے جو کہ بادالونا کی پاکستانی کیمونٹی کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہو گی، اس کو نہ صرف پاکستانی اور مسلمان کیمونٹی کے افراد اپنی روز مرہ کے مذہبی فرائض کی ادائیگی کے لیے استعمال کر سکیں گے بلکہ خواتین اور بچوں کی تعلیم و تربیت کے سلسلے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک نیوز نے اپنے قیام سے اب تک منہاج القرآن سپین کو خصوصی کوریج دی ہے اور یہ تعاون آئندہ بھی جاری و ساری رہے گا، کیونکہ منہاج القرآن امت مسلمہ اور پوری دنیا کے لیے ایک مثبت فکر لے کر چل رہی ہے ۔

بارسلونا سپین کے دیگر پاکستانی صحافیوں گجرات لنک کے شوکت اسلام چوہان، ریڈیو پاک سلونا کے ڈائریکٹر راجہ شفیق الرحمان، پاک پریس کلب کے صدرغفور قریشی، کشمیر ویو کے چیف ایڈیٹر حق نواز چوہدری، ہم وطن اخبار کے ڈپٹی ایڈیٹر ارشد نذیر ساحل، ممتاز کالم نگار ظفر اقبال حسن اور آن لائن اخبار ڈیلی انصاف کے چیف ایڈیٹر ممتاز منیر سہوترہ نے بھی اپنے پیغامات میں مسجد منہاج القرآن بادالونا کے کھلنے پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا اور اس مقدس کام کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے تعاون کرنے والے بادالونا کی عوام اور منہاج القرآن بادالونا کی ٹیم کو خصوصی مبارک باد دی۔

رپورٹ : نوید احمد اندلسی، سیکریٹری جنرل، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top