دنیا میں امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ اسرائیل ہے : ساجد گوندل

مورخہ: 01 جون 2010ء

اسرائیل انسانیت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے، جسے بڑی طاقتوں کی پشت پناہی حاصل ہے
طلبہ نے اسرائیلی جارحیت کو انسانیت کا قتل قرار دیا
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام اسرائیلی بربریت کے خلاف مظاہرہ

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے زیراہتمام اسرائیلی بربریت کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں کے سینکڑوں طلبہ نے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ساجد گوندل نے مظاہرے کی قیادت کی۔ جبکہ لاہور کے صدر عبدالغفار مصطفوی، علی رضا، محمد عمران اور چوہدری عاصم بشیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ طلبہ نے اسرائیلی جارحیت کو انسانیت کا قتل قرار دیا، مختلف کتبوں پر اسرائیلی درندگی کے خلاف نعرے درج تھے۔ سیکرٹری جنرل مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ساجد گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ اسرائیل ہے جو آئے روز انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر کر مسلمانوں کو ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بناتا رہتا ہے۔ عالمی برادری، یو این او اور مسلم ممالک کی نمائندہ او آئی سی فوری طور پر اسرائیل کے خلاف اقدام کریں اور ایسی بہیمانہ اور سفاکانہ کارروائیوں سے باز رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ان کا دوہرا معیار کھل کر سامنے آجائے گا۔ انہوں نے پاکستانی صحافی طلعت حسین اور رضا محمود آغا سمیت مغویان کی فوراً واپسی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی درندگی کا نشانہ ہمیشہ امت مسلمہ ہی کیوں بنتی ہے؟ دیگر مقررین نے کہا کہ اسرائیل انسانیت کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے جسے بڑی طاقتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ وہ عالمی قوانین کا تمسخر اڑاتا ہے اور ہمیشہ ڈھیل دے کر اسکی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ امت مسلمہ کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مصلحتوں کو چھوڑ کر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ مسلم حکمرانوں کو اسرائیل جیسی دہشت گرد ریاست کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ پالیسی بنانا ہو گی۔ ذاتی اور علاقائی مفادات کا خول توڑ کر جرات مندانہ فیصلے کرنا ہونگے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام اسرائیلی بربریت کے خلاف ملک گیر مظاہرے ہوئے۔ اسلام آباد، کراچی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، گوجرانوالہ، بھکر اور دیگر اضلاع میں بھی مظاہرے کر کے عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی سعی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے اور اسے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ وہ آئندہ ایسی بربریت کا ارتکاب کرنے کی جرات نہ کر سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top