اسرائیل نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا، تحقیقات کرائی جائیں : برٹش کونسل آف اسلامک گائیڈنس

مورخہ: 01 جون 2010ء

بے گناہ لوگوں پر حملہ طاقت کی نہیں کمزوری کی علامت ہے : الشیخ محمد افضل سعیدی

ان حالات میں جب ہر کوئی مسلمانوں کو ترنوالہ سمجھ کر ان پر ظلم کر رہا ہے تو اہل اسلام کو متحد ہو کر تمام دشمن طاقتوں کا مقابلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، انسانیت کا درد رکھنے والے لوگ جب مجبور لوگوں کی مدد کے لئے غذائی اشیاء، ادویات اور دیگر سامان لے جا رہے تھے تو ان پر اسرائیلی فوج کا حملہ نہایت مکروہ فعل ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ان خیالات کا اظہار برٹش کونسل آف اسلامک گائیڈنس کے صدر الشیخ محمد افضل سعیدی نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ کھلی جارحیت اور بربریت ہے جسے کوئی بھی امن پسند ملک یا دنیا بھر کے امن پسند حلقے درست اور جائز قرار نہیں دے سکتے۔ علاوہ ازیں برٹش کونسل آف اسلامک گائیڈنس کے سیکرٹری جنرل علامہ رفیق الحاتمی نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ کے بعد اقوام متحدہ، او آئی سی، عرب لیگ اور دیگر عالمی اداروں کو چاہیئے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور فلسطینیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے سلسلہ کو بند کروانے میں عالمی برادری اپنا بھر پور اثر و رسوخ استعمال کرے۔

برٹش کونسل آف اسلامک گائیڈنس کے الشیخ رمضان قادری، الشیخ سہیل احمد صدیقی، علامہ شمس الرحمن آسی کے علاوہ تمام ذمہ داران، علماء کرام اور اراکین نے اسرائیل کے اس ظلم پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے برطانیہ میں بسنے والے مسلمان بالخصوص اس مکروہ فعل کی ہر فورم پر نہ صرف مذمت کریں بلکہ جہاں تک ممکن ہو حکومتی ذمہ داران کو اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

برٹش کونسل آف اسلامک گائیڈنس کے اراکین نے بین الاقوامی کمیونٹی پر زور دیا کہ فلسطین کے تنازع کو جلد حل کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز تر کی جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top