صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کا یونان میں تربیتی نشست سے خطاب

مورخہ: 27 مئی 2010ء

صدر سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری دو روزہ تنظیمی دورہ پر مورخہ 27 مئی 2010ء کو یونان پہنچے، اس موقع پر آپ کے ہمراہ سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض تھے۔ یونان ایئر پورٹ پر یونان کے صدر جاوید اقبال اعوان، سید محمد جمیل شاہ، امیر تحریک شہباز احمد صدیقی، غلام مرتضیٰ قادری (صدر مصالحتی کونسل) محمد رمضان قادری، محمد شفیق اعوان (صدر مجلس شوری)، عامر علی قادری (صدر بلڈنگ کمیٹی)، ڈاکٹر عبید الرحمن (ناظم رابطہ)، لالہ محمد حیات (نائب ناظم ویلفیئر) کے علاوہ کثیر تعداد میں وابستگان نے مرکزی قائدین کا بھر پور استقبال کیا۔

مرکز منہاج القرآن ریندی میں وابستگان و رفقاء و عہدیداران کے ساتھ تربیتی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں کم و بیش تقریباً 300 مرد و خواتین نے شرکت کی۔ تربیتی نشست کا آغاز حافظ محمد نواز (فاضل منہاج یونیورسٹی) کی تلاوت سے ہوا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت سجاد حسین قادری نے حاصل کی، نقابت کے فرائض صوفی عبیداللہ چشتی (ڈائریکٹر منہاج القرآں نیکیا) نے سرانجام دیئے۔

صاحبزادہ حسن محی الدین قادری (صدر سپریم کونسل) نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم اللہ رب العزت کی توفیق خاص اور سرکار دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خیرات کے طفیل شیخ الاسلام کی نظر کرم کے صدقے اس قابل ہوئے کی یونان میں ایتھنز کی سرزمین پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء، وابستگان، موسلین، متعلقین اور مجاہدین و مجاہدات کے ساتھ اس تربیتی نشست میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعاگو ہیں کہ وہ ہماری زندگیوں کا ہر ہر لمحہ اور ہر ہر گھڑی اس قابل بنا دے کہ ہم تیری رضا چاہنے والے بن جائیں، آقاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خیرات مانگنے والے بن جائیں اور اس کے لئے ہمارے پاس بہترین وسیلہ شیخ الاسلام سے نسبت، تعلق اور رابطہ ہے جو اس دنیا میں بھی کامیابی کا ذریعہ ہے اور آخرت میں بھی کام آنے والا ہے، آپ کی توجہات، فیوضات اور نظر منہاج القرآن کے ماتحت منعقد ہونے والی تمام مجالس اور کوششوں پر اسی طرح جاری و ساری ہے جیسے ہر رفیق کو خود سکھا رہے ہوں، خود مقصد حیات تک پہنچنے کے طریقے انگلی پکڑ کر بچوں کی طرح چلا رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ قائد، مربی یا شیخ وہ ہستی ہوتی ہے جو اپنے کارکن، طالب کے ہر پل سے اس طرح آگاہ ہو جیسے وہ سامنے بیٹھے دیکھ رہے ہوں، مرید کو یقین ہو کہ شیخ جو فرماتے ہیں کسی کے کہنے اور گارنٹی پر فرماتے ہیں تو وہ یقیناً کامیابی سے سلوک کی راہیں طے کرتا چلا جاتا ہے، مرشد اللہ کی توفیق سے دینے والا ہوتا ہے اور مرید لینے والا ہوتا ہے، لینے والے کا فرض ہے کہ جو ملے لے لے اور مراقبے، محاسبے اور معاشقے کے ذریعے بفیضان صحبت جب محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا طالب بنے گا تو محبت ملے گی، جب ادب مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا طالب بنے گا تو ادب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب شیطان باغی ہو گیا تو اس نے بارگاہ خداوندی میں عرض کی کہ تیری عزت کی قسم تیرے بندوں کا پیچھا نہیں چھوڑوں گا جو صراط مستقیم پر ہوں گے ان کو شکار کروں گا تو اللہ رب العزت نے فرمایا! سن اگر میری دی ہوئی مہلت کے بل بوتے پر تو شکار کرنے کا دعوے دار ہے تو میں’’علی کل شی قدیر‘‘ ہو کر کیا نہیں کر سکتا! سن جو میرے بندوں سے جڑے ہوں گے ان پر تیرے میزائل نہیں چلیں گے۔ آج دنیاوی شہوات، مال و دولت کی محبت اور جاہ و منصب و اقتدار کی محبت کے حملوں سے بچنے کا ایک ہی ذریعہ ہے کہ اللہ کے مقرب بندوں سے جڑ جاؤ تو یہ تمہیں کھینچ کر رحمان سے ملا دیں گے۔

تربیتی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ کارکن کا فرض ہے کہ اپنے قائد سے والہانہ لگاؤ رکھے اور کارکنان منہاج القرآن انتہائی خوش قسمت ہیں کہ مجدد رواں صدی، فخر عالم اسلام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری جیسی ہستی ان سے پیار کرتی ہے۔

(رپورٹ : نوید سحر)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top