منہاج القرآن انٹرنیشنل برنلے کے زیراہتمام 'صدیق اکبر (رض) کانفرنس'

مورخہ: 03 جون 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل برنلے کے زیراہتمام سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد 3 جون 2010ء کو کیا گیا۔ اس پروگرام کی صدارت علامہ شمس الرحمن آسی نے کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت مبارکہ سے ہوا۔ منہاج القرآن برنلے کے تنظیمی ساتھیوں حاجی غضنفر علی، حاجی محمد رزاق، احمد رضا، مقصود احمد، کبیر احمد کے علاوہ علاقہ بھر سے اہل اسلام نے اس خصوصی محفل میں شرکت کی۔

علامہ شمس الرحمن آسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ اپنی جان نثاری، قربانیوں، فہم و فراست، ایمانداری اور دیگر اوصاف حمیدہ کے باعث تاجدار کائنات کے دست راست اور معتمد ساتھی تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ اسلام کے بڑے محسن اور نبوت کے اسرار کے محرم راز تھے۔ اسی لئے خلافت اور نیابت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سب سے زیادہ اہل و مستحق قرار پائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنی خلافت کے صرف سوا 2 سال میں ہی حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے جھوٹے مدعیان نبوت سے جہاد، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، منکرین زکوٰۃ کی ہدایت کے ساتھ ساتھ دیگر کئی کارہائے نمایاں سرانجام دیئے۔ علامہ شمس الرحمان آسی نے کہا کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے جس لگن، ایثار و اخلاص کے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا و خوشنودی کے لئے اللہ کے دین کی راہ میں بے دریغ اپنا مال خرچ کیا وہ ان کا ایسا امتیازی وصف ہے جو پوری امت میں انہیں سب سے بلند و برتر مقام عطا کرتا ہے۔ اسوہ صدیقی آج بھی ہمارے لئے مشعل راہ ہے جس کی روشنی میں جاری رہنے والا سفر دنیا و آخرت، ہر دوجہاں میں کامیابی کی منزل ضرور عطا کرے گا، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان عظیم ہستیوں کی عزت و تکریم کے تحفظ اور ان کی تعلیمات کو عام کرنے کی کوشش کریں اور فروعی اختلافات سے دامن بچاتے ہوئے اپنی عملی زندگی کو سنوارنے اور لائق تحسین بنانے کی کوشش کریں۔

پروگرام کے اختتام پر اجتماعی طور پر امت مسلمہ کی ترقی و عروج کے لئے دنیا میں قیام امن کے لیے دعا بھی کی گئی۔

رپورٹ: (ابو ابراہیم و ابن خلیل)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top