تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام عظمت رسول (ص) کارواں
تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کارواں مورخہ 13 جون 2010ء کو اسمبلی ہال تا داتا صاحب ہوا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے محسن انسانیت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ والہانہ محبت کا اظہار کیا اور گستاخانہ خاکوں کی جسارت کرنے والوں کو یہ پیغام دیا کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت ان کا ایمان ہے۔ ناپاک جسارت کرنے والے انسانیت کے نام پر دھبہ ہیں اور دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے لیے اپنے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ کارواں میں شریک ہزاروں افراد نے اسم محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے پوسٹر اٹھا رکھے تھے اور وہ عظمت رسول کے ہیں پاسبان کے نعرے لگار ہے تھے۔
کارواں کے ساتھ سٹرک کے دونوں اطراف ہزاروں افراد نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر مصطفوی زنجیر بنا رکھی تھی جو اسمبلی ہال تا داتا صاحب جوش و خروش سے قائم رہی۔ کارواں میں شریک ہزاروں افراد ہمہ وقت درود پاک کا ورد کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہے۔ کارواں کے ساتھ پانی کی موبائل سبیل بھی چل رہی تھی۔ کارواں کی قیادت تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، امیر پنجاب احمد نواز انجم اور لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کی جبکہ اس موقع پر فرحت حسین شاہ، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، ڈاکٹر شاہد محمود، جواد حامد، نائب امیر لاہور حنیف قادری، حاجی غلام غوث، حفیظ اللہ جاوید، محمود علی چودھری، میال انیس، شبیر دیو، چودھری محمد افضل گجر، علامہ ذوالفقار مجددی، علامہ ممتاز صدیقی، عبدالغفار، حافظ وقار اور الیاس ڈوگر نے بھی شرکت کی۔ علاوہ ازیں اس موقع پر لاہور کی تنظیمات کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
مسجد شہداء کے قریب کارواں کے ہزاروں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے ایمان پر حملہ ہے۔ ایسی ناپاک جسارت کا بہترین جواب عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فروغ اور ذکر مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بلندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مسلمان محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اظہار میں ایک ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جمعۃ المبارک کو پورے ملک میں یوم "ورفعنا لک ذکرک" منایا جائے گا اور عظمت مصطفےٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنسز کا انعقاد ہو گا۔
ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ ایسی ناپاک جسارت کرنے والوں نے عالمی ضابطوں اور قوانیں کی دھجیاں بکھیری ہیں۔ جس پر سارا عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آقا علیہ السلام سے محبت مسلمانوں کا ایمان ہے اس کے بغیر مسلمان راکھ کے ڈھیر کے سوا کچھ نہیں۔ دشمن ناپاک جسارت کر کے سمجھتا ہے کہ وہ مسلمانوں کا اپنے رسول سے تعلق کمزور کر نے میں کامیاب ہو جائے گا مگر ایسا کبھی نہ ہو سکے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی آقا علیہ السلام کی ناموس پر حملہ ہوا ہے امت مسلمہ کا تعلق اپنے رسول سے اور بھی مضبوط اور والہانہ ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدس ہستیوں کے احترام کے بارے میں عالمی سطح پر پہلے سے موجود قوانیں کو توڑنے والوں کے خلاف اقوام متحدہ، OIC اور مسلم دنیا کے حکمران سخت نوٹس لیں تاکہ آئندہ کوئی ایسی ناپاک جسارت کی جرات نہ کر سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت وطن عزیز دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے۔ آج کے کارواں میں ہزاروں افراد دہشت گردی کے واقعات کے تسلسل کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور پوری دنیا کو بتا دینا چاہیتے ہیں کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جاری سفاکانہ کاروائیوں اور ترکی کے امدادی قافلوں پر حملہ کی شدید ترین مذمت کرتے ہوئے ترکی کی جرات مندانہ فیصلوں کو سراہتے ہیں۔ اس حوالے سے ترک وزیر اعظم کی طرف سے امدادی قافلے کے ساتھ جانے کے فیصلے کو انتہائی بروقت اور جرات مندانہ قرار دیتے ہیں۔ امت مسلمہ کے دیگر حکمران بھی ترکی کے نقش قدم پر چلیں تو سفاک اسرائیل بربریت کو لگام ڈالی جا سکے گی۔ انہوں نے ایران پر لگائی جانے والی حالیہ پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے بڑی طاقتوں کا دوہرا معیار قرار دیا۔
تبصرہ