صاحبزادہ حسن محی الدین قادری کا منہاج ویمن لیگ سپین کی تربیتی نشست سے خطاب
مورخہ 10 جون 2010 بروز جمعرات 3 بجے دن منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں منہاج ویمن لیگ سپین کے زیراہتمام تربیتی نشست منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر سپریم کونسل صاحبزادہ حسن محی الدین قادری تھے جبکہ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور MWF یورپ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد اقبال اعظم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں بارسلونا اور قریبی علاقوں کی سینکڑوں خواتین نے شرکت کی، تلاوت و نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد منہاج ویمن لیگ سپین کی صدر صفیہ شبیر نے بارسلونا اور ناظمہ نشر و اشاعت صغریٰ انصر نے بادالونا کی تنظیمی کارکردگی پیش کی، جس پر قائدین نے اطمینان کا اظہار کیا۔
صاحبزادہ حسن محی الدین قادری (صدر سپریم کونسل) نے تربیتی نشست میں شریک خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عبادات کی ادائیگی کو اپنا معمول بنائیں اور سنت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی زندگیوں کو سنواریں، اگر ماں اپنی زندگی کے شب و روز اسلامی تعلیمات کے تحت گزارے گی تو آنے والی نسلیں بھی تربیت یافتہ ہوں گی۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال اعظم نے آغوش کی تعمیر کے لئے فنڈ ریزنگ کی مہم میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین میں MWF کی جانب سے اعزازی اسناد تقسیم کیں۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی
تبصرہ