قرآنی تعلیمات کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہم ذہنی غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں : فیض الرحمٰن درانی

مورخہ: 17 جون 2010ء

اسلامی تعلیمات انسانوں کے ظاہر اور باطن کو سنوارنے کا بہترین نظام ہے : ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
علم پھیلانا اور تعلیم کیلئے جدوجہد کرنا جہاد ہے : افضل کھوکھر
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام سیمینار بعنوان "تعلیم سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے" سے مقررین کے خطابات

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام تحفیظ القرآن انسٹیٹیوٹ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر سیمینار بعنوان "تعلیم سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے"سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے امیر فیض الرحمٰن درانی نے کہا کہ قرآنی تعلیمات عام کرنے سے ہی عروج اور ترقی مل سکتی ہے۔ قرآن مجید کی تعلیمات کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہم ذہنی غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے 60 ممالک ہیں اور تعداد ڈیڑھ ارب ہے اس کے باوجود ہم بین الاقوامی سازشوں میں پھنستے جا رہے ہیں اسکی وجہ صرف یہ ہے کہ ہم نے تعلیمات قرآنی اور باہمی اتحاد کو نظر انداز کر رکھا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ قرآنی تعلیمات سے دوری ہم سے اعلی انسانی اقدار چھین رہی ہے۔ انہوں نے کہا اسلامی تعلیمات انسانوں کے ظاہر اور باطن کو سنوارنے کا بہترین نظام ہے۔ پاکستان میں نظام تعلیم درست نہیں اسی وجہ سے پاکستان میں فکر بھی یکساں نہیں ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افضل کھوکھر ایم این اے نے کہا کہ علم پھیلانا اور تعلیم کیلئے جدوجہد کرنا جہاد ہے۔ تحریک منہاج القرآن تعلیم کے میدان میں عظیم جدوجہد کر رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمد ایم پی اے نے کہا کہ عوام کیلئے تعلیم کا بندوبست کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی ابتدا پڑھنے اور پڑھانے سے ہوئی۔ قدیم اور جدید تعلیم کو یکجا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محمد حسین ڈوگر ایم پی اے نے کہا کہ دین اسلام سائنس کے خلاف نہیں، سائنس دین اسلام کی حقیقتوں کو عیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن تفرقہ اور تعصب کے خلاف شمع جلائے ہوئے ہے اسی شمع کی روشنی میں ملک میں امن و امان پھیل سکتا ہے۔ تقریب سے علامہ بدرالزمان قادری رضوی پرنسپل جامعہ ہجویریہ (داتا دربار) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کا زوال بے عملی کی بنا پر ہے۔ جب تک ہم علم و عمل کے حسین امتزاج نہیں بنتے کامیابی ہمارا مقدر نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اعتدال کا راستہ ہی اسلام کا راستہ ہے جب ہم اسلام کے اصولوں کو توڑتے ہیں تو اعتدال کو توڑ کر معاشرے کے اندر خرابیاں پیدا کرتے ہیں۔ تقریب سے گورنر پنجاب کے مشیر صفدر بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم و تربیت انبیاء علیہم السلام کا مشن ہے جو بھی اس مشن پر چلتا ہے وہ انبیاء کے نقش قدم پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا ملک کی تمام سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کو معاشرے کو سنوارنے کیلئے تعلیم کو عام کرنے کی مہم کا آغاز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیم کیلئے خدمات قابل قدر ہیں۔ تقریب سے پرنسپل حافظ نیاز احمد، علامہ نور الزمان نوری، شاہد لطیف، مولانا خادم حسین مجددی، علامہ آصف اکبر میر، علامہ عثمان سیالوی اور علامہ رانا ادریس نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top