نظامت تربیت کا معلمین کے لیے تربیتی کیمپ 'آئیں دین سیکھیں'

مورخہ: 20 جون 2010ء

تحریک منہاج القرآن کی مرکزی نظامت تربیت کے زیراہتمام 20 جون 2010ء کو ’’آئیں دین سیکھیں‘‘ کورس کے سلسلہ میں ایک روزہ تربیتی کیمپ برائے معلیمن کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ہونے والے اس تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 127 معلمین نے شرکت کی۔ متلاشیان علم دین اور جذبہ درس و تدریس سے سرشار عاشقان علم و حکمت کا ذوق شوق دیدنی تھا۔ کیمپ کے شرکاء کے لیے صبح 9 بجے رجسٹریشن کا آغاز ہوا جو 10 بجے تک جاری رہا۔

کیمپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی پڑھی گئی۔ ناظم تربیت ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کیمپ کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ اس کے بعد ’’علم کی ضرورت و اہمیت‘‘ کے موضوع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ویڈیو خطاب شرکاء کو دکھایا گیا۔

سینئر نائب ناظم تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے ’’آئیں دین سیکھیں‘‘ کورس کے تعارف اور لائحہ عمل پر مبنی ایک گھنٹہ پر مشتمل انتہائی جامع اور پرمغز گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر بنیادی دینی تعلیمات سکھانے کی اپنی نوعیت کی یہ پہلی کوشش ہے اور یہ سلسلہ منہاج القرآن نے شروع کیا ہے۔ اس کورس میں قرآن و حدیث، فقہ اور عقائد اسلامی کا بنیادی نصاب شامل ہے جسکا دورانیہ تین دن دو دو گھنٹوں پر مشتمل ہو گا۔ یہ کورس ملک بھر میں یونین کونسلز کی سطح پر شروع کیا جا رہا ہے۔

سینئر نائب ناظم دعوت حافظ محمد شریف کمالوی نے کورس کے طریقہ تدریس پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر انہوں نے حاضرین کو نماز اور دعائیں بمعہ ترجمہ بھی پڑھائیں۔ نماز ظہر اور ظہرانہ کے بعد حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے کورس کے بقیہ مشتملات (قرآن و حدیث) کی تدریس کی۔ اس کے بعد شرکاء کیمپ کا تحریری ٹیسٹ بھی لیا گیا۔ آخر میں پروفیسر محمد رفیق سیال نے فروغ علم کے لئے جدوجہد اور معلمین کی ذمہ داریوں کے موضوع پر خصوصی لیکچر دیا۔ کیمپ کے اختتام پر معلمین میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ کیمپ کا باقاعدہ اختتام محترم پرفیسر محمد رفیق سیال کی دعاپر ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top