تحریک منہاج القرآن کی طرف سے داتا دربار خودکش حملوں کی پرزور مذمت

تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کا ایک ہنگامی اجلاس ضلعی امیر حافظ عبدالجبار عباسی کی زیر صدارت ضلعی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تحریک کے دیگر راہنماؤں نذیر ہزاروی، ریاض محمود قادری، ڈاکٹر اختر عابد، حاجی ظہیر الزمان، صاحبزادہ عاقل ستی، سید اعجاز شاہ اور علی رضا چودھری نے لاہور داتا دربار میں ہونے والے خودکش حملوں کی پرزور مذمت کی اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی امیر نے کہا کہ یہ ملک دشمن قوتوں کی کارروائی ہے جو ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ خاص طور پر داتا دربار جیسی پاکیزہ جگہ پر، جہاں سے اور جن سے ساری دنیا کو ہمیشہ امن و سلامتی کا درس ملا، ایسی کارروائی انتہاء درجے کی درندگی ہے۔ خود کش حملہ آور اسلام دشمن طاقتوں کے ہاتھوں کھلونا بنے ہوئے ہیں جنہیں وہ جب چاہیں جہاں چاہیں استعمال کرتے ہیں۔ لیکن وہ اپنی اس سازش میں کبھی کامیاب نہ ہوسکیں گے۔ کیونکہ یہ اسلام کے نام پر مر مٹنے والوں کا ملک ہے۔ جس نے ہمیشہ قائم و دائم رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اہل لاہور اور خصوصاً متاثرہ خاندانوں کو انتہائی صبر سے کام لینا ہوگا۔ اجلاس کے آخر میں شہید ہونے والوں کے بلندیء درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top