منہاج القرآن کی ناصر باغ تا داتا دربار عظمت داتا ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام ناصر باغ تا داتا دربار عظمت داتا علی ہجویری ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے داتا صاحب سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ ریلی میں شریک افراد نے دہشت گردی کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے اور وہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ ریلی کی قیادت لاہور کے امیر ارشاد طاہر نے کی جبکہ اس موقع پر ناظم حفیظ اللہ جاوید، علامہ رانا ادریس، علامہ محمد حسین آزاد، ممتاز صدیقی، افضل گجر، حافظ غلام فرید، شہزاد خان مصطفوی، پروفیسر محمد رمضان ایوبی، ڈاکٹر قاشر رفیق، عبدالغفار اور ارشاد طاہر نے بھی خطاب کیا۔ قائدین نے کہا کہ داتا دربار پر حملہ کرنے والے درندے ہیں۔ مرکزی اور پنجاب حکومت دہشت گردی کی اس سفاک کارروائی کی ذمہ دار ہیں۔ مزار داتا صاحب پر حملہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے اور دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینے والے قومی مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام عوام کے دلوں پر راج کر تے ہیں ان کے مزارات کی سیکیورٹی میں غفلت برتنے والے حکمران جان لیں گے کہ ان کا اقتدار چند روزہ ہے مگر 1000 برس گزرنے کے باوجود داتا صاحب کروڑوں دلوں میں بستے ہیں اور ان کی حرمت کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے نیست و نابود ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے دہشت گردوں کو خوارج قرار دے کر رہنمائی کا فریضہ ادا کر دیا ہے۔ اب حکوت کا کام ہے کہ وہ اس سے مدد لے کر دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مزارات کو شرک و بدعت کے اڈے قرار دینے والوں سے کون واقف نہیں۔ اولیاء کرام کی گستاخی کا مواد کن کی کتابوں میں موجود ہے۔ حکمران سب جانتے ہیں اگر دہشت گردی کے خاتمے میں مخلص ہوں تو دہشت گرد دندناتے نہ پھریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عظمت داتا کے پاسبان بن کر سڑکوں پر نکلے ہیں۔ دہشت گردی کرنے والے قوم کے مجرم ہیں اور زیادہ دیر اپنی بزدلانہ کارروائیوں کو جاری نہ رکھ سکیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top