غیر مسلموں کا داتا صاحب کے مزار پر دہشت گردی کے خلاف اظہار یکجہتی

داتا علی ہجویری صرف مسلمانوں کے نہیں سب کے داتا ہیں

پاکستان مائنارٹی کونسل اور ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن کے زیراہتمام سانحہ داتا صاحب کی مذمت میں ایک اجلاس داتا صاحب کے مزار اقدس کے صحن میں ہوا جس میں مدر ٹریسا ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ریورنڈ چمن سردار، بابا گرو نانک ویلفئیر سوسائٹی کے چیئرمین سردار بھشن سنگھ، گرنتھی گردوارہ ڈیرہ صاحب کے ہیڈ گیانی رنجیت سنگھ، داس اجیت سنگھ ساگر ہیڈ گرنتھی گردوارہ ننکانہ صاحب، سردار بلونت سنگھ، صدر پاکستان ہندو ویلفیئر کونسل ڈاکٹر منور چند، پارسی کمیونٹی پاکستان کے رہنماء نوشیروان دستور، پاکستان مائنارٹی کونسل کے جنرل سیکرٹری بشپ یوسف، انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں طاہر بغدادی، لطیف سندھو اور عبدا لحفیظ چوہدری نے شرکت کی۔ اس موقع پر غیر مسلم رہنماؤں نے کہا کہ اس المناک سانحے کا جتنا دکھ مسلمانوں کو ہے اتنا ہی یہاں بسنے والے غیر مسلموں کو ہے۔ اولیاء انسانیت سے پیار کرتے ہیں اور بلا تفریق مذہب محبت اور امن بانٹتے ہیں۔ داتا ہجویری تمام مذاہب کے سانجھے بزرگ ہیں۔ وہ صرف مسلمانوں کے نہیں سب کے داتا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کے مزارات میں داخل ہوتے وقت کسی سے اس کا مذہب نہیں پوچھا جاتا۔ داتا صاحب نے اپنے کردار سے محبت کی وہ شمعیں روشن کی ہیں جن کی لو 1000 سال گزرنے کے بعد بھی آب و تاب سے روشن ہے۔ داتا صاحب انسانیت کے محسن ہیں اور محسنوں کے مزار پر خون کی ہولی کھیلنے والے انسانوں کے روپ میں بدترین درندے ہیں ہم ان کی بزدلانہ کارروائیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ہم پاکستان کے وفادار ہیں اور داتا صاحب کے سانحے کے بعد حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کو کچلنے کیلئے ٹھوس قانون سازی کرے۔ اجلاس کے بعد غیر مسلم قائدین نے منہاج القرآن کے قائدین کے ساتھ مل کر اظہار یکجہتی کیا۔ داتا دربار کے ایڈمینسٹریٹر راؤ فضل الرحمن نے تمام مذاہب کے نمائندہ کو پھولوں کے ہار پہنائے اورا تمام قائدین کا پرجوش استقبال کیا۔ کراچی کے معروف شیعہ عالم دین علامہ ظفر نقوی اس موقع پر موجود تھے جبکہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا دہشت گردی کے خلاف فتوی کی کتاب ایڈمنسٹریٹر داتا دربار کو تحفہ میں دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top