منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے زیراہتمام ’’اسلام اور دہشت گردی‘‘ کے عنوان سے تقریب
منہاج القرآن انٹرنیشنل تھیگو سٹی کے زیراہتمام مورخہ 20 جون 2010ء کو تھیگو اسلامک سنٹر میں ’’اسلام اور دہشت گردی‘‘ کے عنوان سے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ساؤتھ کوریا کی مذہبی، سیاسی، سماجی اور بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز حافظ محمد انذاد کی تلاوت سے ہوا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت محمد احسن خان، محمد ندیم نقشبندی اور مردان علی قادری ناظم منہاج القرآن انچھن سٹی نے حاصل کی۔ نقابت کے فرائض رانا محمد عدیل اور محمد تبسم نے سرانجام دیئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد جمیل قادری نے کہا کہ اسلام کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ اسلام میں خودکش حملے حرام ہیں اور کسی بھی دہشت گرد کا اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ اسلام دنیا سے دہشت اور خوف کو ختم کرنے کے لئے آیا ہے۔ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کل کائنات کے لئے سراپا رحمت بن کر تشریف لائے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ دے کر پوری امت پر بڑا احسان کیا ہے جس سے اسلام کا حقیقی موقف دنیا کے سامنے آیا ہے۔ قرآن و حدیث کی روشنی میں اور آئمہ و محدثین کی نظر میں دہشت گردی کو بڑا واضح کر کے بیان کیا گیا ہے جس سے قیامت تک امت مسلمہ کو رہنمائی ملتی رہے گی۔
تقریب کو کامیاب بنانے میں راجہ عامر، حافظ عابد قادری، محمد عدیل رانا، سید مجتبٰی حسین شاہ، حافظ انذاد، ندیم نقشبندی نے خصوصی تعاون کیا۔ جبکہ ملک جاوید، جاوید کیانی اور چوہدری تاج کی قیادت میں ویگان سٹی سے شرکاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر خصوصی دعا کے بعد شرکاء کو پر تکلف کھانا دیا گیا۔
رپورٹ : رانا محمد فاروق
تبصرہ