مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کر دیا : شیخ زاہد فیاض

اداروں کا ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑے ہونا ملک کی یکجہتی اور سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے
حکومت کو 63 سال گزرے ہوں یا 5سال، عوام عزت سے جینے کا حق مانگتے ہیں
تحریک منہاج القرآن کے قائم مقام ناظم اعلیٰ کی عوامی تحریک کے وفد سے گفتگو

تحریک منہاج القرآن کے سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ پاکستان قیادت کے بدترین بحران کا شکار ہے اور اس کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار پر برجمان لیڈر نہیں ہیں اور حقیقی لیڈر اقتدار میں نہیں ہیں۔ عوام کو موجودہ استحصالی نظام کے خلاف اٹھنا ہوگا تاکہ حقیقی قیادت ملک کی باگ ڈور سنبھال سکے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی باہم متصادم رہنے کی طویل تاریخ نے پاکستان کے امیج کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ مہنگائی کے عفریت نے جبڑے کھول کر عوام کو نگلنا شروع کردیا ہے۔ لوڈ شیدنگ اور بے روز گاری کے عذاب نے 17 کروڑ عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ وہ جنوبی پنجاب سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ضروریات سے محرومی پاکستانی عوام کا مقدر بنا دی گئی، پاکستان میں اداروں کا ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑے ہونا اس کی یکجہتی اور سلامتی کے لیے خطرہ بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ساٹھ سال گزرے ہوں یا پانچ سال، عوام کو اس سے غرض نہیں، وہ عزت سے جینے کا حق مانگتے ہیں جس کی ذمہ داری لینے کو کوئی بھی تیار نہیں۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ مسائل کی دلدل میں دھنسے پاکستان کے سر پر صاحبان اقتدار کشتی کھیل رہے ہیں اور انہیں احساس نہیں کہ اس کے وجود کو کتنے خطرات لا حق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جن سنگین اور گھمبیر مشکلات کا سامنا ہے، اس کے پیش نظر مقتدر طبقہ برداشت کے کلچر کا عملی مظاہرہ کرے، ملک اور عوام کے حال پر رحم کریں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں ملک کو بحران سے نکالنے پر مرکوز رکھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top