تحریک منہاج القرآن لودہراں کے زیراہتمام سالانہ شب بیداری کا اہتمام

تحریک منہاج القرآن لودہراں کے زیراہتمام سالانہ شب بیداری کا اہتمام شب برات کی رات کو ہوا جس میں حسب روایت ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی۔ پروگرام نماز عشاء کے فوراً بعد شروع ہوا اور اذان فجر تک جاری رہا۔ پروگرام کا آغاز قاری اللہ دتہ مہروی نے تلاوت کلام مجید سے کیا جس کے بعد آقا علیہ السلام کی بارگاہ عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔ بارگاہ رسالت مآب میں نعت شریف کی سعادت ملک اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن، قاری عبدالقیوم غوری، نعمان مصطفوی، رومان رشید اور سلیم قادری نے حاصل کی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض رانا محمد ظاہر ناظم تحریک منہاج القرآن لودہراں نے سر انجام دیے جبکہ انکی معاونت سید مدثر بخاری نے کی۔

منہاج یونیورسٹی کے طالب علم ابرار چودھری نے فضیلت شب برات پر خوبصورت اظہار خیال کیا جبکہ احسان اللہ چودھری نے عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر لب کشائی کی۔ حاضرین کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کا خطاب خشیت الٰہی اور آہ و بقاء بذریعہ ملٹی میڈیا دکھایا گیا۔ دوران خطاب حاضرین گریہ و بقاء میں مبتلا رہے۔ بعد ازاں شرکاء کو انفرادی عبادات کا وقت دیا گیا اور پھر سنت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اتباع میں سب شرکاء قبرستان گئے۔ واپسی پر صلوۃ التسبح ادا کی گئی۔

دوسری نشست میں ذکر بالجہر ہوا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کی رقعت انگیز دعا بذریعہ ملٹی میڈیا پیش کی گئی۔ دعا کے دوران حاضرین دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔ دعا کے بعد شرکاء میں سحری کا لنگر تقسیم کیا گیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے جوانوں نے پانی کی سبیل، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری مدظلہ کی کتب و سی ڈیز کا سٹال لگایا اور سیکیورٹی کے فرائض بھی سر انجام دیے۔ عمر فاروق، کامران تاج، نعمان، سلمان، عابد جوئیہ، خواجہ احمد اور اختر الیکٹریشن نے انتظامات کو حتمی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ چودھری عبدالغفار سنبل جٹ نے سحری کی تیاری کی نگرانی کی جبکہ ملک اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن نے جملہ امور کی براہ راست نگرانی کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top