چالیس روز گزر گئے مگر ابھی تک سانحہ داتا دربار کے بارے کوئی تفصیلات عوام تک نہیں پہنچ سکیں : منہاج القرآن علماء کونسل

مورخہ: 08 اگست 2010ء

مسالک کے درمیان اخوت، محبت اور برداشت تبھی پیدا ہو گی جب 95 فی صد مشترکات بڑھائے جائیں گے
حکومت ان وجوہات کا خاتمہ کرے جن کے سبب دہشت گردی کے واقعات ہوتے ہیں : فرحت حسین شاہ
منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام داتا صاحب کے صحن میں سینکڑوں علماء کرام نے قرآن خوانی میں حصہ لیا، شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا

شہدائے داتا صاحب کے چہلم کے موقع پر منہاج القرآن علماء کونسل کے زیراہتمام داتا صاحب کے صحن میں سینکڑوں علماء کرام نے قرآن خوانی میں حصہ لیا اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل فرحت حسین شاہ، الحاج امداد اللہ خان قادری، ارشاد طاہر، محمد حسین آزاد، میر آصف اکبر، ڈاکٹر اقبال نور، افضل گجر، حافظ فرید، خان محمد قادری، علامہ رفیق رندھاوا اور دیگر علماء کرام اس موقع پر موجود تھے۔ دعا کے بعد خطاب کرتے ہوئے سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ سانحہ داتا صاحب کو 40 روز گزر گئے مگر ابھی تک اتنے بڑے سانحے کے بارے کوئی تفصیلات عوام تک نہیں پہنچ سکیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ذمہ داران کو بے نقاب کر کے سفاک درندوں کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کرے۔ سانحات روزانہ رونما ہوتے ہیں مگر ہمارے ملک میں حقائق ہمیشہ اوجھل رہتے ہیں۔ ظالموں نے پاکستان کی روح داتا صاحب پر حملہ کیا ہے اور اب بھی دندناتے پھر رہے ہیں۔ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے اور ان وجوہات کا بھی خاتمہ کرے جن کے سبب دہشت گردی کے واقعات ہوتے ہیں۔ انہون نے کہا کہ مدارس کے نصاب سے نفرت بھرا زہریلا مواد نکالنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسالک کے درمیان اخوت، محبت اور برداشت تبھی پیدا ہو گی جب 95 فی صد مشترکات بڑھائے جائیں گے۔ 3 فی صد فروعی اختلافات کو ہوا دینے والے ملک، امت اور قوم کے مشترکہ دشمن ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top