تحریک منہاج القرآن کے قائدین پوری دنیا میں یوم آزادی سیلاب زدگان کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منائیں گے : شیخ زاہد فیاض

مورخہ: 11 اگست 2010ء

مشکل کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی کو اپنی بساط کے مطابق سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نکلنا ہو گا

تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے قائدین و کارکنان پوری دنیا میں یوم آزادی سیلاب زدگان کے ساتھ یوم یکجہتی کے طور پر منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران اور ہزاروں کارکنان ریلیف کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ وہ 14 اگست کو خصوصی طور پر فنڈ ریزنگ کیلئے نکلیں گے اور یوم آزادی سیلاب زدگان کے ساتھ ان کے کیمپوں میں منائیں گے۔ انہوں نے ریلیف کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عدم اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات ناکافی ہیں اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب نے لاکھوں گھروں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا ہے اور کروڑوں لوگ بے یارو مددگار پڑے ہیں۔ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے والے اسی ملک کے باسی ہیں اور بدانتظامی کے باعث ان کی حالت قابل رحم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ یوم آزادی سادگی سے منایا جائے اورسیلاب زدگان کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔ مشکل کی اس گھڑی میں ہر پاکستانی کو اپنی بساط کے مطابق سیلاب زدگان کی مدد کیلئے نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیاں پورے ملک میں جاری ہیں۔ تحریک کے مرکزی، صوبائی، ضلعی اور تحصیلی کارکنان 14 اگست کو سیلاب زدگان کیلئے قائم کی گئی منہاج خیمہ بستیوں میں جائیں گے اور آزادی کی خوشیوں میں ان کو شریک کیا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top