منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا امدادی کارواں مال روڈ کے مرکزی کیمپ سے سیلاب زدہ علاقوں کو روانہ ہوگیا

مورخہ: 13 اگست 2010ء

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے متاثرین سیلاب کے لیے 500 بے سہارا یتیم بچوں کو ’’ادرہ آغوش‘‘میں لینے کا اعلان کر دیا
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی قائدین اس بار نوشہرہ میں یوم آزادی متاثرین سیلاب کے ساتھ منائیں گے
14 اگست کو کینٹ نوشہرہ میں منہاج خیمہ بستی کے قریب 1000 افراد پر مشتمل یوم آزادی کی ایک بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے
تنظیمات کے توسط سے سیلاب زدہ علاقوں سے بچوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا : شیخ زاہد فیاض

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا 10 ٹرکوں پر مشتمل امدادی کارواں مال روڈ کے مرکزی کیمپ سے سیلاب زدہ علاقوں کو روانہ ہوگیا۔ منہاج القرآن کے قائم مقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی قیادت میں روانہ ہونے والے قافلے میں اشیائے خورد و نوش کا سامان اور متاثرین کے لیے خیمے موجود ہیں۔ قافلہ جی ٹی روڈ سے منہاج القرآن کے مختلف شہروں میں لگائے گئے کیمپوں سے مزید سامان لیتا ہوا آج نوشہرہ پہنچے گا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری اور ان کی پچاس رکنی ٹیم بھی امدادی کارواں کے ساتھ روانہ ہوگی۔ سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے متاثرین سیلاب کے 500 یتیم اور بے سہارا بچوں کو ادارہ آغوش میں لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم اور کفالت مکمل طور پر ادارہ آغوش کے ذمہ ہوگی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مرکزی قائدین اس بار نوشہرہ میں یوم آزادی متاثرین سیلاب کے ساتھ منائیں گے۔ 14 اگست کو کینٹ نوشہرہ میں منہاج خیمہ کے قریب 1000 افراد پر مشتمل یوم آزادی کی ایک بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جسکی صدارت تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کرینگے۔ پہلے روز سے ہی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے 2 کروڑ روپے فنڈ کے قیام کا اعلان کر دیا تھا۔ قبل ازیں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر افتخار شاہ بخاری نے سیلاب زدگان کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اب تک ہونے ولی فلاحی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق پورے ملک میں دس ہزار سے زائد کارکنان روز اول سے دن رات متاثرین کی بحالی کے کاموں میں مصروف عمل ہیں۔ 15000 سے زائد متاثرہ خاندانوں کی مدد کی گئی ہے۔ اور 5000 افراد منہاج خیمہ بستیوں اور امدادی کیمپس میں مقیم ہیں اور اب تک منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ان فلاحی سرگرمیوں پر ایک کروڑ روپے کی رقم خرچ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں ہزار سے زائد متاثرین پر مشتمل ایک وسیع منہاج خیمہ بستی قائم کی گئی ہے۔ ان کو تمام رہائشی سہولیات دی جارہی ہیں۔ تینوں اوقات کھانا پکا کر فراہم کیا جارہا ہے۔ صوابی، چارسدہ اور مردان میں امدادی کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔ عیسیٰ خیل، میانوالی کے علاقے ترگ شریف میں کالا باغ کے متاثرین کے لیے 10 بڑے رہائشی کیمپوں میں 2500 متاثرین ہیں جن کو کھانے پینے کے علاوہ تمام رہائشی سہولیات حاصل ہیں۔ لیہ، کروڑ، لال عیسن، راجن پور، روجھان، کشمور، اور گڈو کے علاقوں میں بھی امدادی سامان و قافلے بھجوائے گئے ہیں اور روجھان کے متاثرین کے لیے راجن پور میں امدادی کیمپس اور خیمہ بستیاں لگائی گئی ہیں۔ بلوچستان کے علاقے نصیر آباد، سبی، لڑی، گرد و نواح، کے متاثرین کو امدادی سامان و خوراک کی ترسیل کی گئی ہیں اور خیمے مہیا کیے گئے ہیں۔ اب تک 5000 خیموں کی ترسیل کی جاچکی ہے۔ افتخار شاہ بخاری نے بتایا کہ حالیہ بارشوں میں کشمیر سے سندھ کے علاقوں تک اسکول کی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن درجنوں اسکولوں کی ان عمارتوں کو بھی مرمت و دوبارہ تعمیر کرے گی۔ مرید کے، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، سرائے عالمگیر، دینہ، راولپنڈی، اور اسلام آباد سے بھی امدادی ٹرکوں کے قافلے شامل ہونگے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top