کڑے وقت میں اخوت کا عظیم مظاہرہ کر کے ہمیں عالمی برادری کو ایک مستحکم قوم بن کر دکھانا ہے : انوار اختر ایڈووکیٹ
پرچم کشائی کی تقریب کے بعد کارکنوں سے گفتگو
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ قوم نے 64 واں یوم آزادی سیلاب زدگان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی مدد کے لیے مختلف ریلیف سرگرمیوں میں گزارا ہے جس پر عوام صد بار مبارک باد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی اتنی زیادہ ہے کہ عوام کو ایثار و قربانی کے اس جذبے کے ساتھ مدد کے لیے باہر آنا ہوگا جو تحریک پاکستان کے دوران تھا۔ انہوں نے کہا کہ کڑے وقت میں اخوت کا عظیم مظاہرہ کر کے ہمیں عالمی برادری کو ایک مستحکم قوم بن کر دکھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد کار کنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر جی ایم ملک، راجہ جمیل اجمل، نعیم الدین، ساجد بھٹی، حافظ فرید، لہراسب خان گوندل اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی مدد کرنا ہر پاکستانی پر فرض ہے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے ہر شخص کو اپنی بساط کے مطابق باہر نکلنا ہوگا۔ انوار اختر ایڈووکیٹ نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے سیلاب زدہ علاقوں سے یتیم بچوں کو ادارہ آغوش میں لینے کا اعلان کر کے پوری قوم کو یہ پیغام دیا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کی مدد کرنا ہمارا مذہبی اور قومی فریضہ ہے اور ہمیں بطور قوم اس امتحان میں پورا اترنا ہے۔
تبصرہ