آئرلینڈ میں ہفتہ وار محفل درود پاک کا انعقاد

مورخہ: 11 اگست 2010ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل لمرک آئرلینڈ کے زیراہتمام مورخہ 11 اگست 2010ء کو المصطفی اسلامک سنٹر لمرک میں بعد نماز عشاء ہفتہ وار محفل درود پاک کا انعقاد کیا گیا جس میں عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت اسد قدیر نے حاصل کی جبکہ علی بٹ نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔

منہاج القرآن آئرلینڈ کے سرگرم رکن ڈا کٹر احمد حسن نے شرکاء محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مومن کامل کی دلی محبت، مخلصانہ الفت، اور جذباتی تعلق کا مرکز و محور صرف ذات باری تعالیٰ ہونا چاہئے اور جس بندے کو محبت الٰہی نصیب ہو جائے اس کی دیوانگی اور اس کے جوش محبت کا عالم کیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس طرح کی محافل کا کثرت سے انعقاد کرنا چاہئے اور ان میں شریک ہو کر اپنے قلب و روح کا سامان کرنا چاہئے۔ ان محافل سے فارغ ہو کر اپنی دنیاوی زندگیوں میں لوٹیں تو اسی ذکر الٰہی کا رنگ ہماری دنیاوی زندگیوں میں بھی نمایاں ہو۔ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں اس فکر کو عوام الناس کی عملی زندگیوں میں ڈھالنے میں مصروف عمل ہے ۔

پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر احمد حسن کو ڈبلن انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر فرخ وسیم بٹ، میاں عبدالقدیر، ڈاکٹر تابانی، محمد منصور، مظفر احمد، حافظ گل نواز، محمد اعظم اور علی بٹ نے خصوصی مبارکباد پیش کی۔ محفل کا اختتام دعائے خیر سے ہوا اور شرکاء میں لنگر غوثیہ تقسیم کیا گیا۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top